Friday, March 29, 2024

رشتہ کے تنازع پر تصادم !!! خیرپور ناتھن شاہ میں 8افراد جاں بحق !! راکٹ لانچرز کے استعمال سے مکین نقل مکانی کر گئے

رشتہ کے تنازع پر تصادم !!! خیرپور ناتھن شاہ میں 8افراد جاں بحق !! راکٹ لانچرز کے استعمال سے مکین نقل مکانی کر گئے
August 2, 2015
خیرپور ناتھن شاہ (92نیوز) خیرپور ناتھن شاہ کے علاقے سیتا روڈ میں خونیں تصادم صبح سے جاری ہے جس سے اب تک ایک کمسن بچی سمیت 8افراد جاں بحق ہو چکے ہیں۔ تصادم میں راکٹ لانچرز کا آزادانہ استعمال سے علاقے سے لوگوں کی نقل مکانی شروع ہوگئی ہے۔ تفصیلات کے مطابق خیرپور ناتھن شاہ کے قریب سیتا کے کچے کے علاقے گاو¿ں حاصل چانڈیو میں رشتے کے تنازع پرچانڈیہ برادری کے دو گروہوں میں تصادم ہوا ہے۔ فائرنگ کے نتیجے میں 8 سالہ راہگیر بچی سمیت 8 افراد جاں بحق ہوئے ہیں۔ صبح 10 بجے سے فائرنگ کا سلسلہ جاری ہے۔ پولیس نے جائے وقوع پر جانے سے انکار کردیا ہے اور دونوں طرف سے راکٹ لانچرز فائر کیے جانے کا سلسلہ تاحال رک نہیں سکا۔ پولیس کی بھاری نفری تو طلب کرلی گئی ہے لیکن تاحال فائرنگ پر کنٹرول نہیں کیا جا سکا، پورا سیتا شہر مکمل بند ہوچکا ہے۔ لوگ گھروں تک محصور ہوکر رہ گئے ہیں۔ شہریوں نے چیف آف آرمی اسٹاف اور ڈی جی رینجرز سے خیرپور ناتھن شاہ اور سیتا کو ٹیک اوور کرنے کا مطالبہ کیا ہے۔ دوسری طرف فائرنگ پر کنٹرول کروانے میں پولیس مکمل ناکام نظر آرہی ہے اور پولیس مداخلت کرنے سے گریزاں ہے جبکہ لوگوں نے سیتا شہر اور آس پاس سے نقل مکانی شروع کردی ہے۔ شہریوں کو محفوظ مقامات پر منتقل کرنے کےلئے قانون نافذ کرنے والے ادارے مکمل ناکام دکھائی دے رہے ہیں۔ سیتا شہر اور گردونواح کے علاقوں میں اس سے پہلے بھی کئی مرتبہ تصادم کے نتیجے میں اب تک 50 سے زائد لوگ ہلاک ہوچکے ہیں۔