Thursday, April 25, 2024

ردالفساد کے نام پر فساد بڑھانے کی کوشش ہو رہی ہے: خورشید شاہ

ردالفساد کے نام پر فساد بڑھانے کی کوشش ہو رہی ہے: خورشید شاہ
February 28, 2017

اسلام آباد (92نیوز) اپوزیشن لیڈر خورشید شاہ پختونخوں کی آواز بن گئے۔ کہتے ہیں پنجاب میں پختونوں کو حکومتی سرپرستی میں نشانہ بنایا جا رہا ہے۔ ایسا گھناؤنا کھیل وفاق کے لئے خطرہ ہے۔ وزیراعظم نوازشریف کو توجہ دینی چاہئے۔ ردالفساد کے نام پر فساد کو بڑھانے کی کوشش ہو رہی ہے۔ پاکستان بنانے میں پختونوں نے اہم کردار ادا کیا۔

اسلام آباد میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے اپوزیشن لیڈر خورشید شاہ کا کہنا تھا کہ بلوچستان میں دہشت گردی پر سارے بلوچوں کو دہشت گرد نہیں کہا جاسکتا۔ اگر کل پنجاب میں دہشت گردی ہو اور کہا جائے پنجابی ملوث ہیں تو یہ سراسر غلط ہوگا۔ پختونوں کا پاکستان بنانے میں بہت بڑا کردار رہا ہے لیکن اب کہا جاتا ہے جو پختون ہے وہ مشکوک ہے۔ کسی کے انفرادی فعل پر پوری قوم کو نشانہ بنانا ناانصافی ہے۔

خورشیدشاہ نےکہا کہ فوجی عدالتوں پر پیپلزپارٹی اپنا بل لائیگی۔ اے پی سی میں شرکت نہ کرنے کا فیصلہ عمران خان کا اپنا ہے۔ ابھی سیاست میں اور بہت سفرباقی ہے۔ اپوزیشن لیڈرکا یہ بھی کہنا تھا اقتصادی تعاون کونسل کا اجلاس خوش آئند ہے لیکن حکومت نے تمام اداروں کو بند کر کے کرفیو لگا دیا۔