Friday, April 19, 2024

رحیم یارخان میں مال گاڑی کو حادثے کے بعد کراچی میں ٹرینوں کی آمدورفت بری طرح متاثر

رحیم یارخان میں مال گاڑی کو حادثے کے بعد کراچی میں ٹرینوں کی آمدورفت بری طرح متاثر
April 3, 2019

 کراچی (92 نیوز) رحیم یارخان میں مال گاڑی کو حادثے کے بعد کراچی میں بھی ٹرینوں کی آمدورفت بری طرح متاثر ہو گئی۔ تیس گھنٹوں سے زائد کی تاخیر بعد بھی ٹرینوں کا شیڈول معمول پر نہ آسکا۔

 رحیم یارخان میں مال گاڑی کو حادثے کا تیسرا دن ہو گیا اور محکمہ ریلوے کی نااہلی کے باعث ٹرینوں کی آمدورفت شدید متاثر ہے۔ کئی ٹرینیں 2، 4 نہیں بلکہ 20 گھنٹے سے بھی زائد تاخیر کا شکار ہیں۔

 ملت، قراقرم، بزنس اور عوامی ایکسپریس گزشتہ روز روانہ ہونی تھیں لیکن آج صبح کراچی پہنچیں کینٹ اسٹیشن پر خواتین اور  بچے رُل گئے۔ ساری رات انتہائی پریشانی کی حالت میں گزار دی۔ مسافر محکمہ ریلوے پر پھٹ پڑے۔

 مسافروں کو سہولتوں کے دعوے دھرے کے دھرے رہ گئے۔ عوام نے وزیر ریلوے کو بھی کھری کھری سنا دیں۔ لاہور سے باراتی نہ پہنچ سکے تو ایک خاندان میں مہندی کی رسم بھی نہ ہو سکی۔

شہریوں کا کہنا ہے حکومت اعلانات اور دعوؤں کی بجائے ریلوے کا نظام بہتر بنانے پر توجہ دے۔