Friday, April 26, 2024

رحیم یارخان: جیب خرچ نہ دینے پر دو بڑے بھائی قتل

رحیم یارخان: جیب خرچ نہ دینے پر دو بڑے بھائی قتل
January 8, 2017

رحیم یار خان (92نیوز) رحیم یار خان میں چھوٹے بھائی نے خرچہ نہ دینے پر دو بھائیوں کو قتل کر دیا۔ بہن کو شدید زخمی حالت میں اسپتال منتقل کردیا گیا۔ تفصیلات کے مطابق معاشرے میں عدم برداشت تیزی سے بڑھنے لگی۔ خون سفید ہونے کے افسوسناک واقعات میں سے ایک واقعہ رحیم یار خان کے علاقے عیسیٰ کالونی میں پیش آیا جہاں چھوٹے بھائی شہزاد کاخرچہ نہ دینے پر دو بڑے بھائیوں سے جھگڑا ہوگیا۔

لڑائی کے دوران شہزاد نے خون کے رشتوں کا پاس نہ کرتے ہوئے بڑے بھائیوں پر چھری کے وار کرنے شروع کر دیے اور انہیں بے دردی سے قتل کردیا۔ ظالم بھائی نے بہن کو بھی شدید زخمی کردیا۔ اپنے ہی بھائی کے ہاتھوں قتل ہونے والا ایک بھائی شاہد مقامی بنک میں نوکری کرتا تھا اور دوسرا بھائی مجاہد انجینئر تھا۔

بہن کے پاس بھی ماسٹرز کی ڈگری تھی جبکہ ملزم شہزاد خود گریجویٹ ہے۔ پولیس نے ملزم شہزاد کو حراست میں لے کر تفتیش شروع کردی۔