Monday, September 16, 2024

رحیم یار خان: راجن پور میں ڈاکوؤں کیخلاف آپریشن ضربِ آہن 16ویں روز میں داخل

رحیم یار خان: راجن پور میں ڈاکوؤں کیخلاف آپریشن ضربِ آہن 16ویں روز میں داخل
April 13, 2016
رحیم یار خان (نائنٹی ٹو نیوز) رحیم یار خان اور راجن پور کے کچے کے علاقے میں ڈاکوؤں کے خلاف جاری آپریشن ضرب آہن کو سولہ روز گزر گئے۔ بڑی کامیابیاں نہ مل سکیں البتہ آپریشن میں پولیس جوان سیلفی سٹائل اور فوٹو شوٹ میں ضرور مصروف رہے۔ یہ ہیں پولیس کے شیر جوان جو کیمرے کے آگے چاک وچوبند رہنے کی اداکاری کرنا خوب جانتے ہیں۔ کئی اہلکاروں نے سیلفیاں لیں تو کئی کیمرے کو دیکھ کر خوشی سے پھولے نہیں سما رہے۔ دریائے سندھ کے کچے کے علاقے میں ڈاکوؤں کے خلاف آپریشن جاری ہے۔ پولیس کا دعویٰ ہے کہ اس مرتبہ یہ آپریشن فیصلہ کن ہو گا۔ پولیس کے بلندوبانگ دعوؤں کے برعکس اس آپریشن ضرب آہن کو سولہ روز گزر گئے ہیں لیکن ابھی تک کوئی کامیابی نہیں مل پائی۔ آئی جی پنجاب مشتاق سکھیرا پانچ روز سے رحیم یار خان میں موجود ہیں جبکہ اعلیٰ پولیس افسروں کی طرف سے کہا گیا ہے کہ آج ہی ڈاکوؤں کے گرد گھیرا تنگ کر دیا جائے گا۔ صبح سویرے کارروائی شروع ہوئی لیکن کوئی کامیابی نہ مل پائی، ڈاکوؤں نے فائرنگ کی تو پولیس کو واپس آنا پڑا۔ ضرب آہن سے پہلے بھی متعدد مرتبہ کچے کے علاقے میں آپریشن شروع کیا گیا ہے۔ اب دیکھنا یہ ہے کہ پولیس کو کب کامیابی ملتی ہے۔