Friday, May 17, 2024

رحمان ملک، رامیش کمار کو جہاز میں سوار ہونے سے روکنے والے معاملے نے پھر سر اٹھا لیا، سندھ پولیس نے وی وی آئی پیز کو بچانے کے لیے کمر کس لی

رحمان ملک، رامیش کمار کو جہاز میں سوار ہونے سے روکنے والے معاملے نے پھر سر اٹھا لیا، سندھ پولیس نے وی وی آئی پیز کو بچانے کے لیے کمر کس لی
July 2, 2015
کراچی (نائنٹی ٹو نیوز) سندھ پولیس نے ایک بار پھر وی وی آئی پیز کو بچانے کے لیے کمر کس لی۔ پیپلز پارٹی کے سینیٹر رحمان ملک اور نون لیگ کے رامیش کمار کو جہاز میں سوار ہونے سے روکنے والے ارجمند حسین کے ساتھ مزید پانچ مسافروں کے نام ایف آئی آر میں درج کرنے کا فصلہ کر لیا گیا۔ سندھ پولیس نے پیپلزپارٹی کے سینیٹر رحمان ملک اور نون لیگ کے رکن قومی اسمبلی رامیش کمار کو تاخیر سے پہنچنے پر مسافروں کی جانب سے جہاز میں سوار ہونے سے روکنے کے واقعے کی تحقیقاتی رپورٹ محکمہ داخلہ سندھ کو ارسال کر دی ہے۔ نائنٹی ٹو نیوز کو حاصل ہونے والی رپورٹ میں پولیس کا کہنا ہے کہ پی آئی اے کا جہاز پی کے تین سو ستر تکنیکی خرابی کے باعث لیٹ ہوا جبکہ ارجمند حسین اور پانچ دیگر مسافروں کی جانب سے بلاوجہ دونوں وی آئی پیز یعنی رحمان ملک اور رامیش کمار کو بدسلوکی کا نشانہ بنایا گیا۔ رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ گزشتہ سال اپریل میں پیش آنے والے واقعے کو قومی اسمبلی کی قائمہ کمیٹی خصوصی توجہ دے رہی ہے۔ پراسیکیوٹر جنرل کی سفارش پر دونوں وی آئی پیز سے بدسلوکی کرنے والے پانچ مزید مسافروں کے نام ایف آئی آر میں شامل کیے جا رہے ہیں۔ پولیس کا کہنا ہے کہ بدسلوکی کرنے والے مزید پانچ مسافروں کی شناخت کے لیے پی آئی اے کا اسٹاف اب تک ناکام رہا ہے اور اب نادرا سے ان مسافروں کے کوائف حاصل کیئے جا رہے ہیں۔