Friday, April 26, 2024

رتو ڈیرو میں ایچ آئی وی کے متاثرین کی تعداد 400 کے قریب پہنچ گئی

رتو ڈیرو میں ایچ آئی وی کے متاثرین کی تعداد 400 کے قریب پہنچ گئی
May 12, 2019
 لاڑکانہ (92 نیوز) بلاول بھٹو زرداری کے آبائی حلقے لاڑکانہ میں ایڈز نے پنجے گاڑ لیے ہیں۔  رتو ڈیرو میں ایچ آئی وی کے متاثرین کی تعداد 400 کے قریب پہنچ چکی ہے۔ سندھ ایڈز کے نرغے میں آگیا،لاڑکانہ میں وائرس پھیلا بلڈ اسکریننگ کے بعد 400 مریض سامنے آگئے جن میں تین سو سے زائد بچے اور درجنوں خواتین بھی شامل ہیں۔ زیادہ تر متاثرین اتائی ڈاکٹروں کی ناقابل معافی کوتاہی کا شکار ہوئے۔ لاڑکانہ کی تحصیل رتو ڈیرو کے بلڈ اسکریننگ کیمپ میں روزانہ درجنوں مریض سامنے آرہے ہیں،آج بھی 57 نئے کیسز سامنے آ گئے۔ متاثرین میں 43 بچے،13 خواتین اور ایک مرد شامل ہیں۔ صرف رتو ڈیرو میں ہی متاثرین کی تعداد 400 ہو گئی۔ ضلع کے دیگر دیہات میں بھی درجنوں مریض موجود ہیں، رتو ڈیرو کے کیمپ میں متعدد خواتین بچوں سمیت وقت مکمل ہونے پر ٹیسٹ کے بغیر لوٹ گئیں۔ شکارپور میں بھی ایچ آئی وی کا ایک اور کیس سامنے آگیا۔ مریضوں کی تعداد 23 ہو گئی۔ پیر کے روز دوبارہ کیمپ لگایا جائے گا۔ تھرپارکر میں بھی ایڈز کے تین مریض سامنے  آئے۔ ٹھل میں ایک ہی گھر کے باپ بیٹا اور بہو میں ایڈز کا وائرس نکلا۔ تینوں نے حیدرآباد کی لیاقت یونیورسٹی سے بلڈ ٹیسٹ کرائے۔ سندھ کے علاقے ٹنڈوالہ یار، خیرپور اور سیہون شریف میں بھی ایڈز کے مریض سامنے آچکے ہیں۔ لاڑکانہ کی طرح بلڈ اسکریننگ کیمپ لگانے پر خوفناک صورتحال سامنے آسکتی ہے تاہم حکومتی اقدامات سامنے نہیں آرہے۔ ایڈز کے کیسز سامنے آئے تو عرصے سے سویا ہوا سندھ ہیلتھ کیئر کمیشن بھی جاگ گیا۔ صوبے بھر میں اتائیوں کیخلاف کارروائیاں تیز ہو گئیں۔ ایک ہفتے کے دوران 107 کلینک سیل کر دیئے۔