Thursday, May 9, 2024

رتو ڈیرو میں ایچ آئی وی ایڈز کی وجوہات کا پتہ چلانے کیلئے عالمی ماہرین کی ٹیم پاکستان پہنچ گئی

رتو ڈیرو میں ایچ آئی وی ایڈز کی وجوہات کا پتہ چلانے کیلئے عالمی ماہرین کی ٹیم پاکستان پہنچ گئی
May 28, 2019
 کراچی (92 نیوز) لاڑکانہ کی تحصیل رتو ڈیرو میں ایچ آئی وی ایڈز کی وبا کی وجوہات کا پتہ چلانے کیلئے عالمی ماہرین کی ٹیم پاکستان پہنچ گئی۔ ڈی جی صحت سندھ نے ماہرین کی ٹیم کا کراچی ایئرپورٹ پر استقبال کیا۔ بارہ رکنی ٹیم میں عالمی ادارہ صحت، یو این ایڈز اور اور سینٹر فار ڈیزیز کنٹرول امریکہ کے ماہرین شامل ہیں۔ تحقیقاتی ٹیم امریکی، برطانوی، جرمن، سوئس، اطالوی، کینیڈین، تھائی، لبنانی اور پاکستانی ماہرین پر مشتمل ہے۔ ٹیم صوبائی محکمہ صحت کے افسران سے معلومات حاصل کرے گی۔ رتو ڈیرو کا دورہ کر کے متاثرہ مریضوں انکے اہل خانہ اور ڈاکٹرز سے انٹرویوز بھی کئے جائیں گے۔ بین الاقوامی تحقیقاتی ٹیم کی سربراہی عالمی ادارہ صحت کے ڈائریکٹر کر رہے ہیں۔ سندھ ایڈز کنٹرول پروگرام کے مطابق لاڑکانہ کی تحصیل اسپتال رتودیرو میں آج 320 افراد کی بلڈ اسکریننگ کی گئی۔ سات افراد میں ایچ آئی وی پازیٹو کی تصدیق کی گئی جن میں سے 4 بچے بھی شامل ہیں۔ اس طرح صرف لاڑکانہ میں ایچ آئی وی پازیٹو متاثرین کی تعداد 707 تک جا پہنچی ہے جن میں 580 بچے شامل ہیں۔