Monday, May 6, 2024

راولپنڈی،وزیراعظم کارات گئے سرکاری اسپتالوں کادورہ،سہولیات کے فقدان پراظہارتشویش

راولپنڈی،وزیراعظم کارات گئے سرکاری اسپتالوں کادورہ،سہولیات کے فقدان پراظہارتشویش
January 8, 2019
وزیراولپنڈی ( 92 نیوز) ووزیراعظم عمران خان نے رات گئے اچانک راولپنڈی کے سرکاری اسپتالوں کا دورہ کیا ، مریضوں سے مسائل دریافت کئے۔ مریضوں کی جانب سے ادویات باہر سے خریدنے  کے شکوے پر تشویش کا اظہار کیا،وزیراعظم نے شیلٹرہوم  میں بے گھر افراد کو فراہم کی جانے والی سہولیات کا  بھی جائزہ لیا۔ وزیراعظم عمران خان نے راولپنڈی کے ڈی ایچ کیو اور ہولی فیملی  اسپتال کا اچانک دورہ کیا ،  وفاقی وزیرصحت عامر کیانی، معاون خصوصی افتخار درانی اور سینٹر فیصل جاوید بھی وزیراعظم کے ہمراہ تھے۔ وزیراعظم نے پیڈی ایٹرک وارڈ اور فیملی یونٹ کا مفصل دورہ  کیا ، جہاں انہیں  اسپتال کے بارے میں تفصیلی بریفنگ   دی گئی۔ وزیراعظم نے  اسپتال میں علاج معالجے کے مجموعی معیار،صفائی کی صورتحال اور ادویات کی فراہمی کے نظام کا بھی جائزہ لیا۔ وزیراعظم نے مریضوں سے ان کے مسائل دریافت کیے۔ مریضوں نے وزیراعظم کوآگاہ کیا کہ مختلف ٹیسٹ نجی لیبارٹریوں سے کرانے پڑتے ہیں جس پر انہوں نے وزیرصحت سے مفصل رپورٹ طلب  کرلی۔اس کے بعد وزیراعظم راولپنڈی کے فوارہ چوک کے قریب قائم کردہ "پناہ گاہ" پہنچے ۔ وزیراعظم نےبے گھر افراد کو فراہم کی جانے والی سہولیات کا جائزہ لیا۔ وزیراعظم نے پناہ گاہ کے بہترین انتظام پروفاقی وزیر صحت اورانتظامیہ کی تعریف کی۔ وزیراعظم نے کہا کہ نہایت سرد موسم میں خلق خدا کیلئے گرم بستر اور خوراک کی فراہمی عظیم خدمت ہے ،پسے ہوئے  انسانوں کی نگہداشت معاشرے کی ذمہ داری ہے۔اپنی مدد آپ کے تحت شہریوں کا انسانیت کی خدمت کیلئے آگے بڑھنا نہایت حوصلہ افزاء ہے۔