Saturday, April 27, 2024

راولپنڈی‘ کوئٹہ‘ ملتان‘ شورکوٹ اور مالاکنڈ میں سلنڈر دھماکے‘ 27 افراد زخمی

راولپنڈی‘ کوئٹہ‘ ملتان‘ شورکوٹ اور مالاکنڈ میں سلنڈر دھماکے‘ 27 افراد زخمی
December 20, 2015
لاہور (92نیوز) سردی آتے ہی ملک کے اکثر شہروں خصوصاً پنجاب میں گیس لوڈشیڈنگ میں اضافہ ہو گیا ہے۔ گیس لوڈشیڈنگ بڑھ جانے سے لوگ شدید پریشانی میں مبتلا ہیں۔ اکثر لوگ گیس نہ آنے کی صورت میں گیس سلنڈروں کا استعمال شروع کر رہے ہیں جس سے گیس سلنڈروں کا استعمال خطرناک حد تک بڑھ چکا ہے۔ اس کا سب سے بڑا نقصان یہ دیکھنے میں آ رہا ہے کہ اس سے حادثات میں بھی خوفناک اضافہ ہو رہا ہے۔ صرف آج کے دن ملک بھر میں سلنڈر پھٹنے کے پانچ واقعات رونما ہوئے جن میں 27 افراد زخمی ہو گئے۔ زخمیوں میں کئی افراد شدید زخمی حالت میں ہسپتالوں میں زیرعلاج ہیں۔ تفصیلات کے مطابق راولپنڈی میں 9‘ کوئٹہ2‘ ملتان ایک‘ شورکوٹ 4 اور مالا کنڈ میں 11 افراد زخمی ہوئے ہیں۔ راولپنڈی کے علاقے پاکستان ٹاﺅن کے ایک رہائشی فلیٹ میں سلنڈر پھٹنے سے زوردار دھماکا ہوا جس سے گھر میں موجود 9 افراد زخمی ہو گئے۔ دھماکا اس قدر زوردار تھا کہ رہائشی فلیٹ کے دروازے اور کھڑکیاں ٹوٹ گئے۔ دھماکے کے فوری بعد مقامی افراد جائے حادثہ پر پہنچے اور زخمیوں کو ہسپتال پہنچانے کا کام شروع کر دیا۔ زخمیوں میں تین خواتین اور ایک بچی بھی شامل ہے۔ امدادی کارکنوں نے زخمیوں کو فوری طور پر پمز ہسپتال منتقل کر دیا ہے جہاں انہیں طبی امداد دی جا رہی ہے۔