Friday, May 17, 2024

راولپنڈی! پیپلزپارٹی پھر آ رہی ہے، بلاول بھٹو زرداری

راولپنڈی! پیپلزپارٹی پھر آ رہی ہے، بلاول بھٹو زرداری
December 13, 2019
کراچی (92 نیوز) راولپنڈی! پیپلزپارٹی پھر آ رہی ہے، چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹوزرداری نے کراچی میں جنرل ورکرز اجلاس سے خطاب میں کہا راولپنڈی میں ذوالفقار بھٹو کو تخت دار پرلٹکایا گیا، بے نظیر بھٹو کو شہید کیا گیا، اب پیپلز پارٹی کی تیسری نسل آرہی ہے، 27 دسمبر کو نئی جنگ شروع کریں گے، اب امپائر یا سلیکٹڈ کی نہیں، عوام کی مرضی چلے گی۔ بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ لیاقت باغ میں بے نظیر بھٹو کو پیغام دہرائیں گے، ہم نے کہا تھا کہ جمہوریت بہترین انتقام ہے، آج اسی جمہوریت کے دفاع کے لئے پیپلز پارٹی آواز اٹھا رہی ہے۔ ان کا کہنا تھا عوامی راج کے لئے 1973 کے آئین کے لئے پیپلز پارٹی جدوجہد جاری رکھے گی،وفاق کے لئے ہم اعلان کرتے ہیں کہ پیپلزپارٹی دوبارہ آرہی ہے، صرف اور صرف عوام کی چلے گی،کیونکہ عوام طاقت کا سرچشمہ ہیں۔ چیئرمین پیپلز پارٹی کہتے ہیں کہ ہمیں کٹھ پتلی کسی صورت قبول نہیں،انسانی حقوق، عوامی حقوق اور معاشی حقوق پر ڈاکہ ڈالا گیا،صوبوں کو ان کے حقوق نہیں دئیے جا رہے، غیر جمہوری رویوں کو اپنایا گیا، ہم نے ضیاء الحق اور مشرف کی آمریت کا مقابلہ کیا۔ بلاول بھٹو بولے کہ حکومت نے آئی ایم ایف کا بجٹ پیش کیا، پیپلز پارٹی ہرشہر میں جائے گی اور یہ باور کروائے گی کہ جب تک عوامی راج قائم نہیں ہو گا، ہم ترقی نہیں کر سکتے، جیسے آپ نے بے نظیر کا ساتھ دیا، اسی طرح آپ میرا ساتھ دیں، تاکہ عوامی راج قائم کرکے عوام کے مسائل حل کرنے ہیں۔ انہوں نے کہا عدلیہ نے آصف علی زرداری کو رہائی کے لئے ضمانت ملی ہے، ہم جلد از جلد ان کا علاج کروائیں گے اور ملک کر سلیکیٹڈ کی چھٹی کروائیں گے، جیسے باقی صوبوں میں کٹھ پتلی وزیر اعلیٰ بٹھائے ہیں،اسی طرح وزیر اعلیٰ سندھ میں بھی ایک کٹھ پتلی بٹھائیں، لیکن یہ ناکام ہوں گے۔ عوام ان کے راستے میں حائل ہو گی تو ان کو ناکام کریں گے، ہم کٹھ پتلی نہیں چاہتے ہم چاہتے ہیں کہ عوام کا منتخب نمائندہ ہی وزیر اعلیٰ ہو۔ بلاول بھٹو زرداری کا کہنا تھا آپ نے ہر گوٹھ میں جانا ہے، ہر شہر میں جانا ہے اور یہ پیغام پہنچانا ہے کہ چلو چلو پنڈی چلو، ہمیں اپنا حق ہر صورت پہنچانا ہے، پہلے ہم صدر زراداری کا استقبال کریں گے، پھر مجھے کوئٹہ جانا ہے اور آپ کا پیغام پہنچانا ہے۔