Friday, April 19, 2024

راولپنڈی پولیس کی فائرنگ سے 2 سگے بھائی جاں بحق ہو گئے، اہل خانہ کا احتجاج، وزیراعلیٰ پنجاب نے رپورٹ طلب کرلی

راولپنڈی پولیس کی فائرنگ سے 2 سگے بھائی جاں بحق ہو گئے، اہل خانہ کا احتجاج، وزیراعلیٰ پنجاب نے رپورٹ طلب کرلی
June 7, 2015
راولپنڈی (92نیوز) راولپنڈی کے علاقے سیٹلائٹ ٹاون میں کالج روڈ پر پولیس کی فائرنگ سے موٹر سائیکل سوار سگے بھائی ہلاک ہو گئے ہیں۔ فائرنگ کرنے والے پولیس اہلکاروں کو گرفتار کر لیا گیا۔ وزیراعلیٰ شہباز شریف نے سی پی او راولپنڈی سے واقعہ کی رپورٹ طلب کرلی۔ تفصیلات کے مطابق پولیس نے موٹرسائیکل پر سوار نوجوانوں کو ناکے پر رکنے کا اشارہ کیا اور موٹر سائیکل نہ روکنے پر فائرنگ کر دی جس سے چوبیس سالہ شکیل موقع پر جاں بحق ہوگیا جبکہ 20 سالہ ذیشان شدید زخمی حالت میں ہولی فیملی ہسپتال میں دم توڑ گیا۔ اہل خانہ کے مطابق نوجوان گھر کے کام سے باہر گئے تھے، واپسی پر پولیس کی فائرنگ کا نشانہ بنے۔ فائرنگ کے نتیجے میں جاں بحق ہونے والے دونوں سگے بھائی صادق آباد کے رہائشی تھے۔ اہل خانہ نے ہولی فیملی ہسپتال میں پولیس گردی کےخلاف احتجاج کیا۔ مظاہرین نے کہا ہے کہ واقعہ میں ملوث پولیس اہلکاروں کی گرفتاری تک احتجاج جاری رکھیں گے اور ملوث پولیس اہلکاروں کے خلاف کارروائی نہ کی گئی تو لاشیں پارلیمنٹ ہاوس کے سامنے رکھ کر احتجاج کیا جائے گا۔ بعدازاں واقعہ میں ملوث دونوں اہلکاروں کو گرفتار کر لیا گیا۔