Wednesday, May 8, 2024

راولپنڈی ٹیسٹ کا تیسرا روز، بنگالی بیٹنگ لائن مشکلات کا شکار

راولپنڈی ٹیسٹ کا تیسرا روز، بنگالی بیٹنگ لائن مشکلات کا شکار
February 10, 2020
راولپنڈی ( ویب ڈیسک )  پاکستان اور بنگلہ دیش کے مابین راولپنڈی ٹیسٹ میچ جاری ہے جس کے تیسرے روز بنگلہ دیش کی بیٹنگ لائن مشکلات کا شکار ہے  ۔ بنگلہ دیش نے اپنی پہلی اننگز میں 233 رنز بنائے جس کے جواب میں پاکستان نے 445 رنز بنائے اور 212 رنز کی برتری حاصل کی ۔ آج بنگلہ دیش کی ٹیم دوسری اننگز کیلئے میدان میں اتری تو ٹک کر کھیل نہ پائی دن کے اختتام  تک 6 کھلاڑیوں کے نقصان پر 126 رنز ہی بنا پائی جبکہ پاکستان کی برتری ختم کرنے کیلئے ابھی مزید 86رنز درکار ہیں ۔ پاکستان کی 212 رنز کی برتری ختم کرنے کیلئے بنگالی اوپنرز نے محتاط انداز اپنایا ، پہلے اوور میں 5،دوسرے میں ایک ،تیسرے میں دو جبکہ چوتھے میں کوئی رن نہ بنایا ۔ تمیم اقبال نے پانچویں اوور میں جارحانہ کھیل پیش کرتے ہوئے نسیم شاہ کو دو چوکے لگائے۔ چھٹے اوور میں بھی پاکستانی باؤلر محمد عباس کو ایک چوکا لگا۔ساتویں اوور کی پہلی ہی گیند پر تمیم اقبال نے نسیم شاہ  جبکہ آٹھویں اوور کی  پہلی گیند پر محمد عباس کو چوکا جڑا۔ نویں اوور کی پہلی  اور دوسری گیند پر بنگالی اوپنر سیف حسن نے نسیم شاہ کو چوکے جڑے ، اوور کی تیسری ، چوتھی اور پانچویں گیند پر  کوئی رن نہ بنا  جبکہ آخری گیند پر سیف حسن نسیم شاہ کی گیند کو سمجھ نہ پائے اور کلین بولڈ ہو کر پویلین لوٹ گئے ۔ اس طرح بنگلہ دیش کی پہلی وکٹ 39 رنز پر گری ۔ محمد عباس کے دسویں اوور کو تمیم اقبال نے پوری طرح محتاط ہو کر کھیلا اور اس اوور میں کوئی اسکور نہ بنا ۔گیارہویں اوور میں تمیم اقبال نے پھر نسیم شاہ کو دو چوکے جڑے جبکہ محمد عباس کا اگلا اوور پھر میڈ ان رہا۔تیرہویں اوور میں دو رنز بنے  جس کے بعد چائے کا وقفہ ہو گیا۔ وقفے کے بعد چودھواں اوور یاسر شاہ نے پھینکا جس میں کوئی رن نہ بنا ،اگلا اوور نسیم شاہ نے کرایا ، یہ اوور بھی میڈ ان رہا ۔ سولہویں اوور کی پانچویں گیند پر تمیم اقبال یاسر شاہ کی گھومتی گیند کا صحیح سے اندازہ نہ لگا پائے ،اور ایل بی ڈبلیو ہو کر چلتے بنے ، انہوں نے چھ چوکوں کی مدد سے 56 گیندوں پر 34 رنز بنائے ۔بنگالی کھلاڑی اس قدر محتاط ہو کر کھیلتے رہے کہ 17ہویں ، 18ہویں اور 19 ویں اوورز میں صرف ایک ایک رن ہی بنا پائے ۔ بیسویں اوور میں 3،اکیسویں میں صفر اور بائیسویں میں ایک رن بنا ۔ تیسری وکٹ کی شراکت میں نجم الحسن اور  کپتان مومن الحق نے 71 رنز بنائے ۔  41ویں اوور کی چوتھی گیند پر نجم الحسن نسیم شاہ کی گیند پر ایل بی ڈبلیو ہو گئے ، پانچویں گیند پر تیج الاسلام  بھی ایل بی ڈبلیو اور چھٹی گیند پر محمد اللہ حارث سہیل کے ہاتھوں کیچ آؤٹ ہو گئے  اور اس طرح نسیم شاہ کی ٹیسٹ کرکٹ میں  پہلی ہیٹ ٹرک بھی ہو گئی ۔ پینتالیسویں اوور کی پانچویں گیند پر محمد مٹھن یاسر شاہ کی جادو گری کا شکار ہو کر کلین بولڈ ہو گئے ، اگلی گیند لٹن داس نے کھیلی جس پر کوئی اسکور نہ بنا  اور دن کا اختتام ہو گیا۔ دن کے اختتام پر بنگلہ دیش کے کپتان مومن الحق 37 جبکہ لٹن داس صفر  کے اسکور  پر کریز پر موجود ہیں ۔ پاکستان کی جانب سے دوسری اننگز میں  نسیم نے شاہ 4 اور یاسر شاہ نے دو وکٹیں حاصل کیں ۔ اس سے قبل  میچ کے تیسرے روز پاکستان نے  342رنزتین کھلاڑی آؤٹ سے اپنی پہلی نامکمل اننگز کا آغاز کیا تو دن کی دوسری گیند پر بابر اعظم 143 رنز بنا کر پویلین لوٹ گئے۔353رنز کے مجموعی اسکور پر اسد شفیق 65رنز بنا کر آؤٹ ہو گئے،محمد رضوان بھی زیادہ دیر وکٹ پر نہ ٹھہر سکے اور 10رنز بناکر پویلین لوٹ گئے۔ دوسرے اینڈ پر کھڑے حارث سہیل نے  شاندار بیٹنگ  کرتے ہوئے نصف سنچری اسکور کی اور 75رنز بناکر آؤٹ ہوئے۔