Wednesday, May 8, 2024

راولپنڈی ٹیسٹ، پاکستانی باؤلرز چھا گئے، بنگلہ دیش 233 رنز پر ڈھیر

راولپنڈی ٹیسٹ، پاکستانی باؤلرز چھا گئے، بنگلہ دیش 233 رنز پر ڈھیر
February 8, 2020
راولپنڈی (92 نیوز) راولپنڈی ٹیسٹ کے پہلے روز پاکستانی باؤلرز چھا گئے۔ بنگلہ دیش کو 233 رنز پر پویلین بھیج دیا۔ راولپنڈی ٹیسٹ میں پہلے روز پاکستانی باؤلرز نے بنگال ٹائیگرز پر اپنے مضبوط پنجے گاڑ دئیے،شاہین شاہ آفریدی نے عمدہ باؤلنگ کرتے ہوئے حریف ٹیم کو کھل کر شاٹس لگانے کا موقع نہ دیااور پوری بنگلہ دیشی ٹیم 233رنز بنا کر آؤٹ ہو گئی پاکستان نے ٹاس جیت کر بنگلہ دیش کو پہلے بیٹنگ کی دعوت دی،،  فاسٹ باؤلر شاہین شاہ  آفریدی اور محمد عباس نے آغاز سے ہی جارحانہ انداز اپناتے ہوئے 3رنز کے مجموعی اسکور پر دونوں  بنگلہ دیشی اوپنرز کو پویلین بھیج دیا،،، بنگلہ دیشی کپتان مومن الحق اور نجم الحسین نے  ٹیم کاا سکور 63رنز تک پہنچا دیا، مومن الحق 30رنز بنا کر  شاہین شاہ آفریدی کا شکار ہوئے، محمد متھن نے کچھ مزاحمت دکھائی تاہم وہ بڑی اننگز کھیلنے میں ناکام رہے اور 63رنز بناکر آؤٹ ہوگئے۔ محمدمتھن کےآؤٹ ہونے پر باقی بنگلہ دیشی بلے باز ریت کی دیوار ثابت ہوئے اور ایک ایک کرکے آؤٹ ہوتے گئے۔ شاہین شاہ آفریدی نے چار، محمد عباس اور حارث سہیل نے دو، دو بنگال ٹائیگرز کا شکار کیا۔ کم روشنی کے باعث میچ کچھ اوور پہلے ختم کردیا گیا، پاکستان صبح اپنی پہلی اننگز کا آغاز کرے گا۔ پوسٹ میچ پریس کانفرنس میں شاہین شاہ آفریدی کا کہنا تھا پنڈی کی وکٹ فاسٹ باؤلرز کیلئے مددگار ہوتی ہے، وقار یونس کافی سپورٹ کررہے ہیں۔ بنگلہ دیشی مڈل آرڈر بیٹسمین نجم الحسن نے کہا پاکستانی باؤلرز نے شاندار بائولنگ کی، اگر ہم پاکستان کی وکٹیں جلد حاصل کرلیں تو میچ دلچسپ ہوسکتا ہے۔ میچ کے دوران گراؤنڈ میں پتنگیں بھی آکر گریں جس کی وجہ سے میچ کچھ لمحے روکنا پڑا، قومی ٹیم کے سابق کپتانوں ماجد خان، جاوید برکی اور مشتاق محمد نے بھی اسٹیڈیم میں میچ دیکھا۔