Friday, May 17, 2024

بارش راولپنڈی ٹیسٹ کا چوتھا روز بھی ساتھ بہا لے گئی

بارش راولپنڈی ٹیسٹ کا چوتھا روز بھی ساتھ بہا لے گئی
December 14, 2019
راولپنڈی (92 نیوز) بارش راولپنڈی ٹیسٹ کا چوتھا روز بھی ساتھ بہا کے لے گئی، آؤٹ فیلڈ گیلی ہونے کی وجہ سے کھیل منسوخ کردیا گیا، پاکستان اور سری لنکا کے مابین ٹیسٹ کے چوتھے دن کھیل شروع ہی نہ ہوسکا۔ سری لنکا نے 6 وکٹوں کے نقصان پر 282 رنز بنارکھے ہیں، دھننجایا ڈی سلوااور دلرووان پریرا کریز پر موجود ہیں۔ اس سے قبل پاکستان اور سری لنکا کے درمیان پہلے ٹیسٹ کا تیسرا روز بارش اور خراب روشنی کی نذر ہوگیا تھا۔ تیسرے روز صرف پانچ اعشاریہ دو اوورز کا ہی کھیل ممکن ہو سکا، سری لنکا نے 6 وکٹوں کے نقصان پر 282 رنز بنائے۔ تیسرے روز سری لنکن بلے باز نے مجمو عی سکور میں 19 رنز کا اضافہ کیا تھا۔ دھنن جیا ڈی سلوا 87 رنز جبکہ دلروان پریرا 6 رنز بنا کر ناٹ آﺅٹ ہیں۔ اس سے قبل پنڈی ٹیسٹ کے دوسرے روز بھی بار بار بارش کی مداخلت کے باعث صرف 15 اوورز کھیلے گئے تھے۔ سری لنکا نے 6 وکٹوں کے نقصان پر 263 رنز بنائے تھے۔ پنڈی ٹیسٹ میچ کے دوسرے روزکھیل شروع ہوا تو مہمان ٹیم سری لنکا نے پہلے روز کے مجموعی سکور میں 20 رنز کا اضافہ کیا تھا کہ بارش شروع ہوگئی، جب کھیل کو روکا گیا تو سری لنکا نے 5 وکٹوں پر 222 رنز بنائے تھے۔ بارش روکنے پر کھیل دوبارہ شروع کیا گیا لیکن ایک مرتبہ پھر بارش نے مداخلت کی اور کھیل کو دوبارہ روکنا پڑا۔ پنڈی ٹیسٹ کے دوسرے روزجب دوسری مرتبہ کھیل روکا گیا اس موقع پر سری لنکا نے 6 وکٹوں کے نقصان پر 263 رنز بنا ئے تھے۔ ڈی سلوا 72 اور دلروان پریرا 2 رنز بنا کر کریز پر موجود تھے۔ پاکستان کی جانب سے شاہین شاہ آفریدی اور نسیم شاہ نے 2۔2 وکٹیں حاصل کیں۔ راولپنڈی ٹیسٹ کے پہلے روز کھیل کے اختتام پر سری لنکا نے پانچ وکٹوں پر 202 رنز بنائے تھے۔ سری لنکن اوپنرز نے پراعتماد بیٹنگ کرتے ہوئے 96 رنز کا اچھا آغاز فراہم کیاتھا۔ سری لنکن کپتان کرونارتنے 59 رنز بنا کر شاہین آفریدی کی گیند پر آﺅٹ ہوئے۔ پہلے روز کے دوسرے سیشن میں پاکستانی باﺅلرز نے کچھ مزاحمت دکھائی اور سری لنکن ٹیم کے چار کھلاڑیوں کو پویلین کی راہ دکھائی۔ اوشاڈا فرنینڈو 40 رنز بنا کر نسیم شاہ کا شکار بنے۔ عثمان شنواری نے کوشال مینڈس کی اننگز 10 رنز پر ختم کر دی۔ دنیش چندیمل محض دو رنز بنا کر محمد عباس کی گیند پر بولڈ ہوئے۔ اینجلو میتھیوز اور دھننجایا ڈی سلوا نے 127 رنز پر 4 کھلاڑیوں کے پویلین لوٹنے پر 62 رنز کی شراکت داری کی۔ 189 رنز کے مجموعی اسکور پر اینجلو میتھیوز 31 رنز بنا کر نسیم شاہ کے ہاتھوں آﺅٹ ہوئے۔ پہلے روز کا کھیل بھی خراب روشنی کے باعث جلد ختم کر دیا گیاتھا۔ جب کھیل ختم کیا گیادھننجایا ڈی سلوا 38 اور ڈک ویلا 11 رنز بنا کر کریز پر موجود تھے۔