Wednesday, May 8, 2024

راولپنڈی میں ڈینگی سے دو مریض جان سے ہاتھ دھوبیٹھے

راولپنڈی میں ڈینگی سے دو مریض جان سے ہاتھ دھوبیٹھے
September 16, 2019
راولپنڈی ( 92 نیوز) حکومت سوئی رہی  اور قاتل ڈینگی جانیں لینے لگا ، راولپنڈی میں مزید دو مریض جان سے ہاتھ دھو بیٹھے  ، 27 سالہ ثوبیہ کا تعلق آزادکشمیر اور عمیر کا اسلام آباد سے ہے، رواں سال ڈینگی سے ہلاکتوں کی تعداد چھ ہوگئی ۔ راولپنڈی اور پشاور میں 24 گھنٹے کے دوران مزید 200 افراد میں ڈینگی وائرس کی تصدیق  ہو گئی  ۔ سرکاری اسپتالوں میں اضافی وارڈز کے باوجود ڈینگی مریضوں کیلئے جگہ ختم ہوگئی۔ حکومت کے لئے ڈینگی کو  کنٹرول کرنا مشکل ہو ، ،،، پنجاب اور خیبرپختونخوا میں زہریلے مچھر کے وار جاری ہیں ، دونوں صوبوں میں ڈینگی کے مریضوں کی تعداد خطرناک حد تک بڑھ گئی۔ جڑواں شہروں کی انتظامیہ ڈینگی کے سامنے بے بس ہوگئی ، گزشتہ 24 گھنٹوں میں مزید 148 مریضوں میں وائرس کی تصدیق ہوئی جن میں 84 مریضوں کا تعلق راولپنڈی جبکہ 63کا اسلام آبادسے ہے ، متاثرہ مریضوں کی مجموعی تعداد 2305  تک پہنچ گئی۔ راولپنڈی میں زہریلے مچھر نے مزید دو افراد کی جان لے لی ،جاں بحق ہونے والی ستائیس سالہ صوبیہ کا تعلق آزاد کشمیر اور عمیر کا تعلق اسلام آباد سے ہے، دونوں مریض ہولی فیملی اسپتال میں زیر علاج تھے، اسپتال ذرائع کے مطابق رواں سال ڈینگی سے ہلاکتوں کی مجموعی تعداد چھ ہو گئی۔ خیبرپختونخوا میں بھی ڈینگی کے کیسز میں اضافہ جاری ہے، چوبیس گھنٹے کے دوران صوبے کے مختلف اضلاع میں ڈینگی کےمزید  54 کیسز رپورٹ ہوئے۔ سرکاری ذرائع کے مطابق صوبائی دارالحکومت پشاور میں 27، بٹگرام میں 8 اور ایبٹ آباد میں 6 مریضوں میں قاتل وائرس کی تصدیق ہوئی ۔ مردان میں ڈینگی کے5 ، صوابی میں 2 ، باجوڑ میں 3 ، بونیر میں 2 اور نوشہرہ میں ایک کیس رپورٹ ہوا۔ کراچی میں بھی ڈینگی مچھروں نے یلغار کردی ، ہر گزرتے دن کے ساتھ ڈینگی سے متاثرہ افراد کی تعداد میں اضافہ ہونے لگا ۔ اسپتالوں میں مریضوں کیلئے جگہ کم پڑے لگی ، صوبائی حکومت بھی ڈینگی مچھروں کے سامنے بے بس ہوگئی، کارکردگی دعوؤں اور اعلانات سے آگے نہ بڑھ سکی۔