Tuesday, April 23, 2024

راولپنڈی میں پلمبرز ، کارپنٹرز ، درزی اور حجام کی دکانیں کھل گئیں

راولپنڈی میں پلمبرز ، کارپنٹرز ، درزی اور حجام کی دکانیں کھل گئیں
April 16, 2020

راولپنڈی (92 نیوز)  لاک ڈاؤن میں نرمی کے احکامات  کے بعد راولپنڈی  شہر میں الیکٹریشن ، پلمبرز، کارپنٹرز ، درزی اور حجام کی دکانیں کھل گئیں،دکانداروں نے فیصلے کو خوش آئند قرار دیا۔

کورونا وائرس کے باعث  شہر شہر لاک ڈاؤن ہے ، مارکیٹیں بازار سب بند ہے تاہم لاک ڈاؤن میں نرمی کے بعد اب کچھ کاروبار کھلنے لگے ہیں ۔ راولپنڈی  شہر میں الیکٹریشن، پلمبرز ، کارپنٹرز، درزی اور حجام روزی کمانے میں مصروف ہوگئے۔

دکانداروں کا کہنا ہے کہ چھوٹے کاروبار کی اجازت کا فیصلہ بہترین ہے ، شہریوں نے بھی دکانیں کھلنے پرسکھ کاسانس لیا۔

جو کاروبار کھلے وہاں حفاظتی اقدامات زیادہ تو نظر نہیں آرہے تاہم دکانداروں کا کہنا ہے کہ وہ کورونا وائرس سے بچاؤ کےلیے احتیاطی تدابیر اختیار کریں گے۔