Friday, March 29, 2024

راولپنڈی میں مزید 127 اور اسلام آباد میں 198 شہری ڈینگی بخار میں مبتلا

راولپنڈی میں مزید 127 اور اسلام آباد میں 198 شہری ڈینگی بخار میں مبتلا
September 20, 2019
 راولپنڈی (92 نیوز) ڈینگی مچھر کو روکنا مشکل ہی نہیں ناممکن ہونے لگا ۔ راولپنڈی میں مزید 127 اور اسلام آباد میں 198 شہری ڈینگی بخار میں مبتلا ہو گئے۔ ڈینگی مچھر نے حکومتی نااہلی کا پول کھول دیا۔ پنجاب اور کے پی کے میں ڈینگی نے شہریوں کے ناک میں دم کر رکھا ہے ۔ پنجاب بھر میں متاثرہ مریضوں کی تعداد 2158 ہو گئی جبکہ خیبرپختونخوا میں بھی ڈینگی کے مریضوں کی تعداد 2073 تک پہنچ گئی ہے۔ پنجاب میں ڈینگی کے وار مزید تیز ہو گئے۔ 24 گھنٹے کے دوران مزید 348 نئے افراد میں وائرس کی تصدیق ہوئی۔ راولپنڈی سے127 ، اسلام آباد سے 198 اور لاہور سے  مزید 4 کیسز رپورٹ ہوئے۔ نئے اعداد و شمار کے مطابق رواں برس راولپنڈی میں ڈینگی کے کیسز کی تعداد 1971 ہے۔ صوبائی دارالحکومت میں مریضوں کی تعداد 54 ہے۔ پنجاب بھر میں رواں برس ڈینگی سے 2158 متاثر ہوئے۔ فیصل آباد میں بھی ڈینگی کے وار جاری ہیں۔ الائیڈ اسپتال میں لائے گئے مزید تین افراد میں وائرس کی تصدیق ہو گئی۔ متاثرہ مریضوں کو آئسولیشن وارڈ منتقل کردیا گیا۔ پنجاب بھر میں ڈینگی کے باعث رواں برس ہلاکتوں کی تعداد چھ ہو گئی۔ خیبرپختونخوا کی انتظامیہ بھی ڈینگی کے سامنے مکمل بے بس ہے۔ صوبے میں مریضوں کی تعداد 2073 تک پہنچ گئی۔ مختلف اضلاع میں گزشتہ 24 گھنٹوں میں ڈینگی کے 134 نئے کیسز رجسٹرڈ ہوئے۔ صرف پشاور میں 64 نئے کیس کے بعد ڈینگی کے مریضوں کی تعداد 1301 ہو گئی ہے۔ صوبائی محکمہ صحت نے تمام اسپتالوں میں ڈینگی وارڈز قائم کرنے کی ہدایت کر دی۔