Thursday, March 28, 2024

راولپنڈی میں شہید ہونیوالے دو اہلکاروں کی نماز جنازہ ادا

راولپنڈی میں شہید ہونیوالے دو اہلکاروں کی نماز جنازہ ادا
January 8, 2020
راولپنڈی ( 92 نیوز) راولپنڈی میں دہشتگرد کی فائرنگ سے شہید 2 پولیس اہلکاروں کی نماز جنازہ پولیس لائن میں ادا کردی گئی ، نماز جنازہ میں  پولیس افسران اوراہلکاروں نے شرکت کی، سی پی او احسن یونس کا کہنا ہے کہ حملہ آورکا تعلق کالعدم تنظیم سے ہے، دہشتگرد بھی ثابت ہوچکا، مکمل تفصیلات جلد سامنے لانے کا اعلان کیا۔ گزشتہ شب راولپنڈی میں دہشتگرد کی فائرنگ سے شہید پولیس اہلکاروں کی نماز جنازہ پولیس لائن میں ادا کی گئی جہاں  پولیس کے چاک وچوبند دستے نے سلامی دی ، نماز جنازہ میں آر پی او سہیل تاجک ، سی پی اوراولپنڈی احسن یونس ودیگرافسران نے شرکت کی۔ سی پی او راولپنڈی احسن یونس نے میڈیا سے گفتگومیں بتایا کہ دہشتگرد کی شناخت آفتاب کے نام سے ہوئی ، پہلے بھی پولیس پرحملوں میں ملوث رہا۔ احسن یونس نے کہا کہ تمام اہلکاروں میں بلٹ پروف  جیکٹس تقسیم کی گئیں ، ہر جگہ اہلکار جیکٹ پہن کرنہیں رہ سکتے ، جو بھی حملہ کرے گا ، واپس نہیں جائے گا۔ دہشتگرد کی فائرنگ سے ہیڈکانسٹیبل محمد علی اورکانسٹیبل سعید احمد شہید ہوئے جب کہ ڈولفن اہلکار حسن اکرم اور راہگیر خاتون زخمی ہوئی، جوابی فائرنگ میں دہشتگرد ہلاک ہوگیا تھا ۔ہلاک دہشتگرد کا تعلق پسرورسے ہے۔ دہشتگرد کےخلاف پسرور میں قتل، اقدام قتل اورڈکیتی کی ایف آئی آرز درج ہیں۔