Friday, April 26, 2024

راولپنڈی میں زیرعلاج کورونا وائرس کی خاتون دم توڑ گئی

راولپنڈی میں زیرعلاج کورونا وائرس کی خاتون دم توڑ گئی
March 25, 2020
 راولپنڈی (92 نیوز) کورونا وائرس نے ایک اور جان لے لی۔ راولپنڈی میں زیرعلاج خاتون دم توڑ گئی۔ کمشنر راولپنڈی نے خاتون کے کورونا کے باعث جاں بحق ہونے کی تصدیق کر دی۔ سوہاوہ کی رہائشی شاہدہ نامی مریضَہ 21 مارچ سے زیر علاج تھی۔ ملک میں درجنوں نئے کیسز رپورٹ ہوئے جس کے بعد تعداد ایک ہزار سے تجاوز کر گئی۔ 5 کی حالت تشویشناک ہے۔ ادھر مردان کی یونین کونسل منگا میں مزید 39 افراد میں وائرس کی تصدیق ہو گئی۔ تفتان قرنطینہ سنٹر میں مقیم 5 افراد کی رپورٹ مثبت آ گئی۔ وزیر صحت تیمور سلیم جھگڑا نے یوسی منگا سے کرونا وائرس کے متاثرہ مریضوں کے حوالے سے وڈیو پیغام میں کہا یوسی منگا میں کرونا وائرس کا متاثرہ پہلا مریض جاں بحق ہوا تھا۔ کانٹکٹ ٹریسنگ کے بعد پتہ چلا کے متاثرہ مریض کے دو رشتہ دار بھی کرونا سے متاثر ہوئے۔ متاثرہ مریض کے ساتھ عمرے پر جانے والے دونوں افراد بھی کرونا پازیٹیو ہیں۔ تیمور سلیم جھگڑا نے کہا متاثرہ مریض کے قریبی 46 لوگوں کے ٹیسٹ کروائے گئے۔ 46 میں سے 39 لوگوں کے کرونا کے ٹیسٹ پازیٹیو آئے ہیں۔ یوسی منگا میں جو معاملات ہوئے ہیں اس پر حکومتی اقدامات پر سختی سے عمل کرنا ضروری ہے۔ لوگوں سے بار بار اپیل کی جارہی ہے کہ آپ لوگ گھروں پر رہیں۔ شہریوں کی مدد کے بغیر کرونا کے خلاف جنگ جیتنا ناممکن ہے۔ دوسری طرف اسلام آباد کے علاقے بھارہ کہو کو مکمل سیل کردیا گیا۔ مکینوں کی اسکریننگ جاری ہے۔