Thursday, April 18, 2024

راولپنڈی میں دلخراش واقعے پر سوشل میڈیا صارفین کا غم وغصے کا اظہار

راولپنڈی میں دلخراش واقعے پر سوشل میڈیا صارفین کا غم وغصے کا اظہار
July 22, 2020

اسلام آباد ( 92 نیوز) راولپنڈی میں پیش آئے دلخراش واقعہ پر سوشل میڈیا صارفین نے شدید غم و غصہ کا اظہار  کیا ہے ۔

وہ جس کو پیار سے دیکھنا عبادت ، وہ جس کے قدموں تلے جنت، وہ جس کے پیار کی قیمت کائنات بھی نہ چکا سکے   اسی ماں پر تشدد ہوا ۔ بدترین تشدد، اب جو بد بخت پر نظر ڈالی تو اسی ماں کا بیٹا نکلا، جس کی ہوس نے اس کو اتنا اندھا کر دیا کہ اپنی ہی ماں کو بدترین تشدد کا نشانہ بنا ڈالا۔

صارف عبید عباسی نے لکھا پیسے کیلئے جنت چھوڑ دی کوئی شخص پیسے کیلئے اپنی ماں پر تشدد کیسے کر سکتا ہے؟ ،  صارف شیخ انس نے لکھا کہ مجھے یہ ویڈیو دیکھ کر دھچکا لگا ہے ، کیسے گھٹیا جانور ہیں یہ؟ ۔

نور نے نبی کریم صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی حدیث مبارک شیئر کی اور لکھا کہ یہ بیٹا اپنی ماں کو پیٹ نہیں رہا بلکہ اپنے لئے جنت کا دروازہ بند کر رہا ہے۔

صارف مسکان شیخ نے کہا ’’ میں نے ایسا کمینہ شخص  کبھی نہیں دیکھا ، اللہ اسے ضرور سزا دے گا۔

تیمور دانش نےلکھا کہ یہ جنگلی جانور انسانیت کے منہ پر طمانچہ ہے۔

تحسین علی نے لکھا کہ اس شخص کو کو انسان کہلانے کا بھی حق نہیں ہے، اللہ ایسے درندوں کو دنیا سے غرق فرمائے۔

معروف فنکار اور سوشل میڈیا ایکٹیوسٹ حمزہ علی عباسی نے ٹویٹ میں لکھا میرے پاس الفاظ نہیں ہیں، میں تو اس واقعہ کی ویڈیو بھی پوسٹ نہیں کر سکتا ، اس شیطان کیلئے دوزخ کا سب سے گہرا گڑھا تیار ہے،جس نے اپنی بوڑھی ماں پر ہاتھ اٹھایا۔