Tuesday, May 21, 2024

راولپنڈی میں بجلی کی لٹکتی تاریں کئی انسانی جانیں لے گئیں

راولپنڈی میں بجلی کی لٹکتی تاریں کئی انسانی جانیں لے گئیں
January 19, 2019
 راولپنڈی (92 نیوز) راولپنڈی میں گلی محلوں اور بازاروں میں گچھوں کی صورت میں لٹکتی بجلی کی بے ہنگم تاریں گزشتہ سالوں کے دوران کئی انسانی جانوں کے ضیاع کا سبب بن چکی ہیں۔ راولپنڈی کے کمیٹی چوک سمیت اہم تجارتی مراکز میں واپڈا کی نااہلی کی وجہ سے بجلی کی لٹکتی تاریں لوگوں کے لئے خطرے کا باعث بنی ہوئی ہیں۔ گلی محلوں میں بھی بجلی کے لٹکے ہوئے تار اور میٹر نہ صرف خوف کی علامت بن چکے بلکہ کئی انسانی جانوں کے ضیاع کا بھی سبب بن چکے ہیں۔ مخلتف شاہراوں اور رہائشی آبادیوں میں کئی من بھاری ٹرانسفارمر کا بوجھ اٹھائے بجلی کے زميں بوس ہوتے پول بھی لوگوں کے سر  پر خطرے کی تلوار کی مانند لٹک رہے ہیں۔ شہری کہتے ہیں بجلی کی ان بوسیدہ اور بے ترتیب تاروں کی وجہ سے بازاروں اور گھروں میں شارٹ سرکٹ کے باعث آتشزدگی کے واقعات میں کئی گنا اضافہ ہوتا جا رہا ہے۔ شہریوں کا کہنا ہے کہ واپڈ حکام کو چاہیئے کہ وہ شہری علاقوں میں بجلی کی بے ہنگم لٹکتی  ،بوسیدہ اورننگی تاروں کو جلد سے جلد تبدیل کرکے شہریوں کے جان مال کو یقینی تحفظ فراہم کریں۔ دوسری طرف آئیسکو انتظامیہ نے اسلام آباد کے شہریوں کی زندگی داؤ پر لگا دی۔ تاروں کا جال شہریوں کے لیے وبال ہے۔ سب سے بڑی سہولت بجلی کب کسی کے لیے موت کا پیغام بن جائے کچھ خبر نہیں۔ صارفین کہتے ہیں آئیسکو ماہانہ کروڑوں روپے ریونیو تو وصول کرتا ہے مگر بجلی کے تاروں کی ترتیب کو بہتر بنانے کیلئے فنڈز خرچ کرنا گناہ سمجھتا ہے۔ بجلی کے یہ تار کسی بھی لمحے حادثے کا سبب سکتے ہیں ۔ اس لیے ان کے قریب سےگزرتے ہوئے ذرا احتیاط کریں۔