Friday, May 17, 2024

راولپنڈی ، من چلوں کی پتنگیں اڑانے کے ساتھ ساتھ شدید ہوائی فائرنگ

راولپنڈی ، من چلوں کی پتنگیں اڑانے کے ساتھ ساتھ شدید ہوائی فائرنگ
February 22, 2019
 راولپنڈی (92 نیوز) راولپنڈی، اسلام آباد اور گوجرانوالہ سمیت مختلف شہروں میں غیرقانونی بسنت خونی ثابت ہوئی ۔ راولپنڈی کے پتنگ بازوں نے بسنت پر پابندی فائرنگ میں اڑا دی۔ راولپنڈی میں غیرقانونی بسنت ایک مرتبہ پھر خونی ثابت ہوئی۔ سارا دن من چلے پتنگیں اڑانے کے ساتھ ساتھ شدید ہوائی فائرنگ کرتے رہے۔ اندھی گولیاں لگنے سے شکریال میں 6 سالہ بچی عروہ جاں بحق ہوئی جبکہ ڈھوک کھبہ میں چھت پر نماز ادا کرنی والی پچاس سالہ شمیم بی بی بھی اندھی گولی لگنے سے جان کی بازی ہار گئی۔ بسنت کے دوران مست نوجوانوں کی جانب سے فائر کی گئی گولیوں سے متعدد افراد زخمی ہو گئے۔ بے نظیر ہسپتال میں 38، ہولی فیملی اسپتال میں 8 جبکہ ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹرز ہسپتال میں 25 زخمی لائے گئے ہیں۔ زخمیوں میں زیادہ تر افراد کو گولیاں لگی ہیں۔ امدادی ذرائع کے مطابق چھت سے گرنے، کرنٹ لگنے سے بھی 2 افراد زخمی ہوئے ہیں۔ کرنٹ لگنے سے زخمی ہونے والے 15 سالہ بچے کو سی ایم ایچ ہسپتال منتقل کیا گیا ہے۔ راولپنڈی پولیس کی لاکھ کوشش اور سختی کے باوجود بھی عوام نے اپنا شوق بھرپور انداز میں پورا کیا۔ راولپنڈی میں ایک ہفتے کے دوران دوسری بار بسنت منائی گئی ہیں۔ فائرنگ سے جاں بحق ہونے کے واقعات پر آر پی ار راولپنڈی نے ایس ایچ او تھانہ وارث خان کو معطل کردیا۔