Tuesday, May 21, 2024

راولپنڈی، فیصل آباد کے بعد لاہور میں بھی ڈینگی مچھروں نے پر پھیلا لیے

راولپنڈی، فیصل آباد کے بعد لاہور میں بھی ڈینگی مچھروں نے پر پھیلا لیے
September 13, 2019
 لاہور (92 نیوز) راولپنڈی، فیصل آباد کے بعد لاہور میں بھی ڈینگی مچھروں نے پر پھیلا لیے ۔ مزید پانچ افراد میں ڈینگی بخار کی تصدیق ہو گئی جنہیں اسپتال منتقل کر دیا گیا۔ ڈینگی مچھر ایک بار پھر خوف کی علامت بن گیا۔ پنجاب، سندھ اور خیبرپختونخوا میں ڈینگی نے پنجے گاڑھ لئے۔ فیصل آباد میں بھی مسلسل ڈینگی کے مریضوں کی تعداد میں اضافہ ہو رہا ہے۔ الائیڈ اسپتال میں لائے گئے مزید 5 افراد میں ڈینگی کی تصدیق ہو گئی۔ جڑواں شہروں، اسلام آباد اور راولپنڈی میں ڈینگی نے شہریوں میں خوف و ہراس پھیلا رکھا ہے، آئے دن نئے کیسز سامنے آرہے ہیں۔ جنوبی پنجاب کے مختلف شہروں میں بھی سینکڑوں افراد ڈینگی وائرس سے متاثر ہو چکے ہیں۔ ادھر خیبرپختونخوا میں ڈینگی سے متاثرہ مریضوں کی تعداد 959 تک پہنچ گئی ہے۔ مختلف اضلاع میں گزشتہ 24 گھنٹوں میں 55 نئے کیسز سامنے آئے۔ پشاور ڈینگی سے سب سے زیادہ متاثر ہوا ہے کوہاٹ میں 11، صوابی میں 3 ، مانسہرہ اور دیرلوئر میں بھی ایک ایک نیا کیس رپورٹ ہوا۔ کراچی سمیت سندھ کے مختلف شہروں میں بھی متعدد افراد میں ڈینگی وائرس کی تصدیق ہوئی ہے۔ ڈاکٹرز کہتے ہیں کہ صاف پانی کے جمع ہونے سے مچھر کی افزائش ہوتی ہے۔ مچھر کے کاٹنے سے تیز بخار کے بعد پٹھوں اور ہڈیوں میں درد ہوتا ہے۔ ایم ایس جناح اسپتال لاہور ڈاکٹر افتخار کہتے ہیں کہ چوبیس گھنٹے ڈینگی کے مریضوں کے چیک اپ کے لئے ٹیمیں موجود ہیں۔ دوسری طرف شہریوں نے شکایت کی ہے کہ حکومت نے ڈینگی مچھر سے نمٹنے کیلئے کوئی مؤثر حکمت عملی نہیں بنائی جس کی وجہ سے ڈینگی مچھر نے دوبارہ سر اٹھایا۔ ڈینگی سے بچاؤ کیلئے احتیاطی تدابیر کرنا ہونگی۔ گھروں اور ارد گرد پانی کھڑا نہ ہونے دیں۔ مچھروں سے بچاؤ کیلئے اسپرے کا خاص خیال رکھیں۔ تھوڑی سی احتیاط سے ڈینگی بخار سے بچا جا سکتا ہے۔