Friday, March 29, 2024

راولپنڈی سکیم تھری میں آگ نے ہنستا بستا گھر اجاڑ دیا !!! میاں بیوی اور 5 بچے جاں بحق

راولپنڈی سکیم تھری میں آگ نے ہنستا بستا گھر اجاڑ دیا !!! میاں بیوی اور 5 بچے جاں بحق
June 17, 2015
راولپنڈی (92نیوز) راولپنڈی کی سکیم تھری میں صبح سویرے گھر میں آگ لگنے سے میاں بیوی اور پانچ بچے جل گئے۔ مرنے والی خاتون کے والد نے الزام لگایا ہے کہ آگ لگی نہیں بلکہ لگائی گئی ہے۔ وزیراعلیٰ پنجاب شہباز شریف نے افسوسناک واقعہ پر انتظامیہ سے رپورٹ طلب کر لی ہے۔ تفصیلات کے مطابق راولپنڈی کے انتہائی پوش اور پررونق علاقے میں دو منزلہ گھر میں آگ لگنے کا واقعہ صبح سویرے پیش آیا۔ عینی شاہدین کے مطابق آگ گھر کی بالائی منزل میں لگی۔ یہاں شوکت اشرف، اسکی اہلیہ عائشہ اشرف اور پانچ بچے 14سالہ حسن، 10سالہ عمر، 8سالہ محسن، 6سالہ عثمان اور 4سالہ فاطمہ سورہے رہے تھے کہ انہیں آگ نے اپنی لپیٹ میں لے لیا۔ آگ کی شدت اس قدر زیادہ تھی کہ اس نے بدقسمت خاندان کے ایک فرد کو بھی باہر نکلنے کا موقع نہ دیا۔ ساتوں افراد موقع پر ہی جھلس کر جاں بحق ہوگئے جنہیں پوسٹمارٹم کےلئے ڈی ایچ کیو ہسپتال منتقل کر دیا گیا۔ واقعہ کی اطلاع ملتے ہی اس بد قسمت خاندان کے عزیزو اقارب بھی موقع پر پہنچ گئے۔ جاں بحق ہونے والی خاتون عائشہ کے والد یونس شیخ نے میڈیا کو بتایا کہ اسکی بیٹی کی شوکت اشرف سے تقریباً ڈیڑھ ماہ قبل شادی ہوئی تھی۔ شوکت کی پہلی بیوی کینسر کے باعث جاں بحق ہوچکی ہے اور جاں بحق ہونے والے پانچوں بچے اسکی پہلی بیوی میں سے تھے۔ شیخ یونس نے مزید کہا کہ آگ لگنے کا واقعہ اتفاقیہ نہیں بلکہ آگ جان بوجھ کر لگائی گئی ہے۔ شیخ یونس نے بتایا کہ واقعہ سے چند روز قبل میری بیٹی نے خدشہ ظاہر کیا تھا کہ گھر میں موجود انجم شہزاد نے جھگڑا کیا ہے اور دھمکیاں دیتا ہے کہ گھر کو آگ لگادوں گا۔ ساتوں افراد کی لاشیں پوسٹمارٹم کےلئے ڈی ایچ کیو ہسپتال منتقل کر دی گئی ہیں۔ ڈی پی او راولپنڈی اسرار عباسی نے واقعہ کو متنازعہ قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ واقعہ کی تمام پہلوو¿ں سے تحقیقات کررہے ہیں۔