Thursday, May 2, 2024

راولپنڈی رنگ روڈ اسکینڈل ، تحقیقاتی رپورٹ کے مندرجات سامنے آگئے

راولپنڈی رنگ روڈ اسکینڈل ، تحقیقاتی رپورٹ کے مندرجات سامنے آگئے
July 14, 2021

اسلام آباد (92 نیوز) راولپنڈی رنگ روڈ اسکینڈل میں تحقیقاتی رپورٹ کے مندرجات سامنے آگئے۔ رپورٹ میں ‏رنگ روڈ کی الائنمنٹ تبدیل کرنا اور غیر قانونی ایوارڈ ہونا ثابت ہو گیا۔

الائنمنٹ تبدیل کرنے کی منظوری صوبائی ڈوویلپمنٹ بورڈ سے نہیں لی گئی۔ اسکینڈل کی ابتدائی رپورٹ میں سیاسی شخصیات کو کلیئر کر دیا گیا۔ ابتدائی تحقیقاتی رپورٹ میں کابینہ کے کسی رکن کے ملوث ہونے کا ذکر نہیں۔

ادھر وزیراعظم عمران خان  سے ڈی جی اینٹی کرپشن گوہر نفیس نے ملاقات کی ہے ۔  ملاقات میں ڈی جی اینٹی کرپشن نے وزیراعظم  عمران خان کو رنگ روڈ کی ابتدائی انکوائری رپورٹ پیش کی۔

ذرائع کے مطابق رنگ روڈ اسکینڈل رپورٹ  کو جلد پبلک کیا  جائے گا۔ ملاقات گزشتہ روز وزیراعظم آفس میں ہوئی۔ مشیر احتساب شہزاد اکبر بھی ملاقات میں موجود تھے۔

دوسری جانب اینٹی کرپشن پنجاب  نے لاہور میں کارروائی کرتے ہوئے رنگ روڈ کیس میں ملوث مرکزی ملزم سابق کمشنر راولپنڈی کیپٹن (ر)محمد محمود کو گرفتار کرلیا ہے۔ ذرائع کے مطابق سابق کمشنر راولپنڈی کا رنگ روڈ فراڈ میں مرکزی کردار ہے۔ محمد محمود کو ٹھوس شواہد کی بنا پر گرفتار کیا گیا ہے۔

فردوس عاشق اعوان کا کہنا ہے رنگ روڈ منصوبے میں شامل ہاؤسنگ سوسائٹیوں کا کیس نیب کے حوالے کر دیا گیا ہے۔ دونوں افسران کے خلاف کارروائی کا آغاز کر دیا گیا ہے۔