Tuesday, April 23, 2024

راولپنڈی : دو یونین کونسلز اور چار وارڈز میں بلدیاتی انتخابات کی پولنگ جاری

راولپنڈی : دو یونین کونسلز اور چار وارڈز میں بلدیاتی انتخابات کی پولنگ جاری
December 30, 2015
راولپنڈی (92نیوز) راولپنڈی کی دو یونین کو نسلز اور 4 مختلف وارڈز میں ہونے والے بلدیاتی انتخابات میں صبح ساڑھے سات بجے سے پولنگ کا عمل جاری ہے۔ ایک دولہا بھی اپنی شادی کے دن ووٹ کاسٹ کرنے پہنچ گیا۔ تفصیلات کے مطابق میونسپل کارپوریشن راولپنڈی کی یونین کونسلز 16 عید گاہ میں چیئرمین‘ وائس چیئرمین کی نشست کے لئے انتخابات ہو رہے ہیں جبکہ یونین کونسل 14 نیو پھگواڑی کی وارڈ 5 اور ضلع کونسل کی یونین کونسل 98 پڑیال کے ساتھ گوجر خان کی دو اور کہوٹہ کی ایک وارڈ پر انتخابات ہو رہے ہیں۔ مجموعی طور پر 29 پولنگ اسٹیشنز بنائے گئے ہیں۔ 5 دسمبر کو امیدواروں کی فوتگی کے باعث انتخابات ملتوی کئے گئے تھے۔ پولیس کے دعوے کے مطابق 800 پولیس اہلکاروں کے ساتھ رینجرز کی ایک کمپنی کو تعینات کیا ہے۔ سی پی او راولپنڈی نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ راولپنڈی میں ہونے والے بلدیاتی انتخابات میں سکیورٹی کے انتظامات مکمل ہیں۔ 29 پولنگ اسٹیشنز پر نفری 500 سے بڑھا کر 800 کر دی گئی ہے۔ ایک کمپنی رینجرز کی تعینات کی گئی ہے‘ ضابطہ اخلاق پر مکمل پابندی کرائی جائے گی۔ پولنگ اسٹیشن میں صبح سے پولنگ کا سلسلہ جاری ہے۔ ووٹرز اپنا حق رائے دہی استعمال کر رہے ہیں۔ یونین کونسل 16 عید گاہ میں دولہا ووٹ ڈالنے پولنگ اسٹیشن پہنچ گیا۔ دولہا فرحان کا کہنا ہے کہ ووٹ ڈالنا ایک قومی فریضہ ہے۔ ووٹ اور اپنی شادی کا دن دونوں یاد رہیں گے۔