Thursday, April 25, 2024

راولپنڈی ، بحریہ ٹاؤن فیز 8 میں گھر میں قائم گردوں کی غیرقانونی پیوندکاری کا اسپتال سیل

راولپنڈی ، بحریہ ٹاؤن فیز 8 میں گھر میں قائم گردوں کی غیرقانونی پیوندکاری کا اسپتال سیل
April 11, 2019

 راولپنڈی (92 نیوز) راولپنڈی میں بحریہ ٹاؤن فیز 8 میں گھر میں قائم گردوں کی غیرقانونی پیوندکاری کا اسپتال سیل کر دیا گیا۔ ضلعی انتظامیہ اور ایف آئی اے نے مشترکہ طور پر کارروائی کی۔

 جب چھاپہ مارا گیا اس وقت اومانی مریض کے گردے کی پیوندکاری کی جارہی تھی۔ ڈاکٹرز موقع سے فرار ہونے میں کامیاب ہو گئے جبکہ مریض کے ساتھ تین اومانی رشتہ داروں کو بھی گرفتار کر لیا گیا۔

 غیرملکی مریض اور اس کے رشتہ داروں کو بے نظیر اسپتال منتقل کردیا گیا جبکہ گرفتار 4 افراد مذید تفتیش کیلئے ایف آئی اے کے حوالے کر دیا گیا ، اسپتال کو بھی سیل کر دیا گیا۔

 قبل ازیں پیر محل میں مغوی لڑکی کا گردہ سعودی عرب کے شہری کو لگاتے ہوئے ڈاکٹر سمیت پانچ افراد کو ایف آئی اے نے گرفتار کر لیا تھا۔

 ایف آئی اے نے چھاپہ مار کر پیر محل میں ڈاکٹر کجاشف ریاض کے اسپتال کے ڈاکٹروں نے اغوا شدہ لڑکی کا گردہ نکال کر سعودی عرب کے شہری کو ایک کروڑ روپے میں فروخت کرنے کی کوشش نا کام بناتے ہوئے ڈاکٹروں کو گرفتار کیا تھا۔ مغویہ کو تشویشناک حالت میں اسپتال منتقل کیا گیا تھا۔

ایف آئی اے نے پیرمحل مسجد بلاک میں ایک کوٹھی پر چھاپہ مارا یہاں ڈاکٹر شاہد اشفاق دیگر اسٹاف سمیت گردے کی پیوند کاری میں مصروف تھے جنہیں گرفتار کر کے لاہور منتقل کر دیا گیا تھا۔