Sunday, September 8, 2024

راولپنڈی : ایک ہی خاندان کے چار افراد بے دردی سے قتل

راولپنڈی : ایک ہی خاندان کے چار افراد  بے دردی سے قتل
July 4, 2016
راولپنڈی(92نیوز)راولپنڈی میں ایک ہی خاندان کے چار افراد کوانتہائی بے دردی سے قتل کر دیا گیا ہے، مرنے والوں میں میاں بیوی اور دو بچیاں  شامل ہیں جبکہ تین بچے دوسرے کمرے میں  معجزانہ طور پر محفوظ رہے۔ پولیس کے مطابق تھانہ صدر بیرونی کے علاقے کلیال ڈھوک پہاڑیاں پر واقع ایک گھر سے چار افراد کی لاشیں ملی ہیں۔مقتولین کو فائرنگ کرکے انتہائی بے دردی سے قتل کیا گیا ہے۔ مرنے والوں میں شیر افضل اس کی اہلیہ آسیہ اور دو بچیاں شمع اور عیزا شامل ہیں چاروں مقتولین کے سر میں گولیاں مار کر قتل کیا گیا جبکہ جائے وقوعہ سے ایک پستول بھی برآمد کیا گیا ہے جس سے چار فائر کئے گئے۔ معجزانہ طور پر زندہ بچ جانے والے تین بچوں نے ہی واقعہ کے بارے میں اہل علاقہ کو آگاہ کیا جس کے بعد پولیس کو فوری طور پر اطلاع دی گئی، چاروں مقتولین کی لاشیں پوسٹ مارٹم کیلئے ڈی ایچ کیو اسپتال راولپنڈی منتقل کر دی گئی ہیں۔  لواحقین کی آہ و بقا سے فضاء سوگوار ہوگئی۔ ذرائع کے مطابق مقتول شیر افضل ڈھوک پہاڑیاں میں پراپرٹی ڈیلر اور موٹر ڈیلر کا کام کرتا تھا۔ اس کی بڑی بیٹی 19 سالہ نائلہ گھر سے غائب ہے پولیس کو شبہ ہے کہ  مقتولین کو نشہ آور دوا پلائی گئی تھی، اور انہیں نائلہ اور اس کے آشنا عمران نے بھاگتے ہوئے گولیاں مار کر قتل کیا ہے۔