Thursday, April 25, 2024

راولپنڈی اور اسلام آباد میں صبح کے وقت بارش ، موسم خوشگوار

راولپنڈی اور اسلام آباد میں صبح کے وقت بارش ، موسم خوشگوار
August 1, 2020

 راولپنڈی ( 92 نیوز) راولپنڈی اور اسلام آباد میں صبح کے وقت بارش سے شہر بے مثال کے قدرتی مناظر دھل کر اور بھی نکھر گئے ، محکمہ موسمیات نے آج اسلام آباد سمیت بالائی علاقوں میں گرج چمک کے ساتھ بارش جبکہ چند مقامات پرموسلادھار بارش کی پیشگوئی کردی۔

عید پر موسم نے تیور بدل لیے ، سورج کی تپش کو بارش کی بوندوں نے ٹھنڈا کردیا ، راولپنڈی،اسلام آباد سمیت ملک کے بیشترشہروں میں ساون  کی بارشوں کا سلسلہ جاری ہے ، جڑواں شہروں راولپنڈی اسلام آباد میں صبح کے وقت بادل بارش نے موسم خوشگوار کردیا اور عید کا مزہ دوبالا کردیا۔

محکمہ موسمیات نے پیشگوئی کی ہے کہ شمال مشرقی پنجاب بالائی خیبرپختونخوا، گلگت بلتستان  کے کئی علاقوں میں میں آندھی اور گرج چمک کے ساتھ بارش ہوگی۔

موسم کاحال بتانے والے کہتے ہیں سندھ کے بیشتر اضلاع میں موسم گرم اور مرطوب رہیگا ۔تاہم کراچی، ٹھٹہ، میر پور خاص میں گرج چمک کے ساتھ بارش کی توقع ہے۔ اسی طرح بلوچستان کے بیشتر اضلاع میں موسم گرم اور مرطوب رہے گا۔

 تاہم بارکھان ، زیارت،موسیٰ خیل ،قلات، خضدار اور گردو نواح میں تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ بارش کی تو قع ہے۔