Friday, March 29, 2024

راولپنڈی اور اسلام آباد میں بھی بارش نے انٹری دیدی

راولپنڈی اور اسلام آباد میں بھی بارش نے انٹری دیدی
July 8, 2020

اسلام آباد ( 92 نیوز) راولپنڈی اور اسلام آباد میں بھی بارش نے انٹری دے دی ، مون سون کا اسپیل ہوا تو  ہرطرف جل تھل ہوگیا ۔  موسم کے کروٹ بدلتے ہی گرمی کا زور ٹوٹ گیا، شہر بے مثال کے قدرتی مناظر دھل کر اور بھی نکھر گئے، محکمہ موسمیات  کا کہنا ہے کہ سندھ پنجاب،بالائی خیبرپختونخوا کے کئی علاقوں میں آج بارش ہوگی۔

سورج کی تپش کو بارش کی بوندوں نے ٹھنڈا کردیا،راولپنڈی ، اسلام آباد سمیت ملک کے بیشترشہروں میں ساون رت کے ڈیرے۔ جڑواں شہروں میں صبح کے وقت بادل گرجے اور جم کربرسے ، موسم خوشگوار ہوگیا۔

گوجرخان سمیت ملحقہ علاقوں میں بھی بارش سے جل تھل ایک ہوگیا ، اسکردو میں بھی گھنگھورگھٹاؤں کا راج ہے ،تفریحی مقام دیوسائی میں موسم سرد ہوگیا۔کشمیر میں بھی گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے۔۔

محکمہ موسمیات نے پیشگوئی کی ہے کہ سندھ،شمال مشرقی پنجاب،بالائی خیبرپختونخوا کے کئی علاقوں میں آندھی اور گرج چمک کے ساتھ بارش ہوگی۔