Tuesday, May 21, 2024

راولپنڈی ، الائیڈ اسپتالوں میں سہولیات کا فقدان،غریب خوار

راولپنڈی ، الائیڈ اسپتالوں میں سہولیات کا فقدان،غریب خوار
January 22, 2019
راولپنڈی ( 92 نیوز ) راولپنڈی کے الائیڈ اسپتالوں میں سہولیات کے فقدان کے باعث غریب  مریض اور ان کے لواحقین خوار ہو کر رہ گئے ۔ راولپنڈی کے الائیڈ اسپتالوں میں سہولیات کے فقدان  کے باعث دُور دراز سے آئے مریض مشکل میں پھنس گئے ، عوام کا کہنا ہے کہ  سرکاری اسپتال میں آنے کا مقصد یہ نہیں کہ انسان کی تذلیل کی جائے ، حکومت کو چاہیے کہ اسپتالوں کی حالت زار پر خصوصی توجہ دے ۔ ڈی ایچ کیو، ہولی فیملی اور بینظیراسپتال میں یومیہ ہزاروں کی تعداد میں مریض چیک اپ کیلئے آتے ہیں  مگر گھنٹوں انتظار کروانے کے بعد بھی ان کا علاج نہیں ہو پاتا ۔ مریضوں کے مطابق عملہ کی بد تمیزی اور صفائی کا ناقص نظام بھی انتظامیہ کی کارکردگی کا منہ چڑانے لگا   ۔  مریضوں کا کہنا ہے وزیر صحت عامر کیانی کے اسپتالوں کے سرپرائز وزٹس کا عوام کو کوئی فائدہ نہیں پہنچ رہا ۔ دوسری جانب وفاقی دار الحکومت کے سب سے بڑے اسپتال میں ملک بھر سے ہزاروں مریض علاج کیلئے آتے ہیں جن کے لواحقین شیلٹر نہ ہونے سے  کھلے آسمان تلے  رہنے پر مجبور ہیں ۔ پارکس میں رہنے پر مجبور تیمار داروں کا کہنا ہے شام ہوتے ہی اسپتال سے باہر نکال دیا جاتا ہے  ، مریضوں کے ساتھ آئے لواحقین کا کہنا ہے سرد موسم کے باعث مشکلات میں اضافہ ہو گیا ہے۔ بارش برسنے پر انتظامیہ کی جانب سے کوئی متبادل انتظام بھی نہیں۔ مریضوں کے  تیمارداروں کا کہنا ہے کہ  خواتین اور بچے مجبوری کی حالت میں نہ مریض کو چھوڑ کر جا سکتے ہیں اور نہ ہی کھلے آسمان تلے سو سکتے ہیں ۔ دوسری جانب  حکومت کا موقف ہے کہ وفاقی دارالحکومت میں چار نئے اسپتالوں کی تعمیر سے عوام کو بہتر طبی سہولیات میسر ہوں گی ۔