Thursday, April 25, 2024

راولپنڈی / اسلام آباد کے اسی فیصد علاقے گیس کی سپلائی سے محروم، لکڑیاں جلانے پر مجبور، گیس قیمتوں میں تیس فیصد اضافے کی منظوری

راولپنڈی / اسلام آباد کے اسی فیصد علاقے گیس کی سپلائی سے محروم، لکڑیاں جلانے پر مجبور، گیس قیمتوں میں تیس فیصد اضافے کی منظوری
December 20, 2015
راولپنڈی / اسلام آباد (نائنٹی ٹو نیوز) گرمی میں  بجلی کے ستائے شہریوں کو سردی میں گیس کی بندش نے امتحان میں ڈال رکھا ہے۔ راولپنڈی / اسلام آباد کے اسی فیصد علاقے گیس کی سپلائی سے محروم ہو گئے۔ شہری لکڑیاں جلا کر گزارا کرنے پر مجبور، بچوں بوڑھوں اور خواتین کو کھانے پینے اور سردی سے بچاو  کے لئے مشکلات کا سامنا ہے۔ وزارت پیٹرولیم کی جانب سے جاری کیے گئے گیس لوڈ مینجمنٹ پلان کے مطابق رواں ماہ ملک بھر میں گیس کا شارٹ فال ایک ارب چودہ کروڑ فٹ ہے۔ تمام بجلی گھروں کو گیس کی سپلائی تقریبا بند ہے۔ عام صنعتوں، ٹیکسٹائل، کھاد اور سمینٹ فیکٹریوں کو بھی گیس کی سپلائی تین ماہ کے لیے معطل ہے۔ ایسے میں گھروں کا چولہا تو جلنا چاہیے لیکن صورتحال انتہائی مختلف ہے۔ ملک بھر کی طرح راولپنڈی اسلام آباد کے شہری گیس کی ترسیل کو ترس رہے ہیں۔ روٹی پکانے کے لیے لکڑیاں جلانے پر مجبور ہیں۔ طالبعلم  بغیر ناشتہ کیے سکول جاتے ہیں۔ سردی کی شدت کے باعث بچے بوڑھے اور خواتین بیمار ہو چکے ہیں۔ گیس کی سپلائی کا انتظار صبح سے شام تک صارفین کا معمول بن چکا ہے۔ گھروں کے چولہے تو بند پڑے ہیں لیکن گیس کے بلوں میں کمی نہیں آ سکی۔ حکومت نے گیس کی قیمتوں میں مزید تیس فیصد اضافے کی منظوری دے کر صارفین پر ایک اور بم گرانے کی تیاری کر لی ہے۔