Saturday, May 11, 2024

راولپنڈی ، اسلام آباد میں ڈینگی قابو سے باہر ہونے لگا

راولپنڈی ، اسلام آباد میں ڈینگی قابو سے باہر ہونے لگا
September 15, 2019
اسلام آباد( 92 نیوز) راولپنڈی ، اسلام آباد میں ڈینگی مچھروں کے وار سے ہزاروں شہری بیمار پڑ گئے ، راولپنڈی میں مریضوں کی تعداد 2048 سے تجاوز کر گئی ۔  ہولی فیملی، بینظیر اور ڈی ایچ کیو ہاسپٹیلز میں ڈینگی ایمرجنسی نافذ کر دی گئی جب کہ شہراقتدار میں کل سے ڈینگی سپرے کرنے کا اعلان کیا گیا ہے ۔ جڑواں شہروں کے شہری ڈینگی مچھروں کے نشانے پر آگئے ، حالات اس نہج تک پہنچ چکے ہیں کہ اسپتالوں میں ایمرجنسی نافذ کر دی گئی ہے  ، شہریوں کو احتیاطی تدابیر اختیار کرنے کی ہدایت بھی دی جا رہی ہیں ۔ راولپنڈی میں  گزشتہ چوبیس گھنٹوں میں مزید80 شہری ڈینگی بخار کا شکار ہو گئے ہیں ، مریضوں کی  تعداد 2048 سے تجاوز کر گئی۔ پوٹھوہار ٹاؤن علاقوں سے 24 گھنٹوں کے دوران مزید53 جبکہ راول ٹاؤن اور کنٹونمنٹ علاقوں میں 22  شہری ڈینگی کا نشانہ بنے۔ ائیررپورٹ ہاؤسنگ سکیم اور ملحقہ علاقوں میں ڈینگی بے قابو ہو گیا ، ہولی فیملی، بینظیر اور ڈی ایچ کیو ہاسپٹیلز میں ڈینگی ایمر جنسی برقرار  ہے ۔ الائیڈ ہاسپٹیلز سے  985  ڈینگی مریض ڈسچارج کئے جا چکے ہیں ۔ اسلام آباد میں بھی ڈینگی مچھروں نے شہریوں کو پریشان کر رکھا ہے ۔ مریضوں کی تعداد 600 سے تجاوز کر گئی  ہے ، اسلام آباد سے رکن قومی اسمبلی راجا خرم نواز نے کل سے شہر میں ڈینگی سپرے کرنے کا اعلان کر دیا ۔ شہریوں نے ڈینگی مچھروں کے خلاف بر وقت اور موثر کارروائی نہ کرنے پر ضلعی انتظامیہ پر کڑی تنقید کی ہے ۔ وزیر اعظم کے معاون خصوصی برائے صحت ڈاکٹر ظفر مرزا نے پمز اسپتال میں ڈینگی وارڈ کا اچانک دورہ کیا ، انھوں نے مریضوں کو دی جانے والی طبی سہولیات پرعدم اطمینان کا اظہارکیا ،  ان کا کہنا تھا اسپتال میں مریضوں کا بوجھ زیادہ ہے میڈیکل وارڈ میں سہولیات کو بہتر بنایا جائے ۔ مریضوں کی مشکلات اور پریشانی دیکھ کر دکھ ہوا  ، ڈاکٹر اور انتظامیہ مریضوں کو سہولیات کی فراہمی کو یقینی بنانے کے سخت محنت کر رہے ہیں ۔