Friday, April 26, 2024

راولپنڈی ، اسلام آباد  میں وقفے وقفے سے بارش، موسم خوشگوار

راولپنڈی ، اسلام آباد  میں وقفے وقفے سے بارش، موسم خوشگوار
August 26, 2019
اسلام آباد ( 92 نیوز) راولپنڈی، اسلام آباد اور ملحقہ علاقوں میں وقفے وقفے سے بارش کا سلسلہ جاری ہے جس سے  موسم خوشگوار ہوگیا ہے ،  موسلادھار بارش سے  نشیبی علاقوں میں پانی جمع ہوگیا، سڑکیں تالاب بن گئیں اور نالہ لئی میں پانی کی سطح ساڑھے دس فٹ تک بلند ہوگئی۔ ساون بیت گیا لیکن بادلوں کی گھن گھرج نہ رکی ،  اسلام آباد اورراولپنڈی سمیت ملحقہ علاقوں میں علی الصبح ہی بارش نے اپنا رنگ جمایا جس سے جل تھل ایک ہوگیا۔ موسلا دھار بارش کے باعث کورال چوک سے فیض آباد تک ٹریفک بلاک رہی ، جبکہ کٹاریاں کے مقام پر پانی کی سطح ساڑھے دس فٹ اور گوالمنڈی میں ساڑھے اٹھ فٹ پہنچے پر انتظامیہ کی جانب سے پری الرٹ کیا اور نشیبی علاقوں سے پانی نکالنے کے لیے ہیوی مشینری طلب کرنا پڑی ، بارش کے باعث اسلام آباد کے کئی علاقوں میں بجلی کی فراہمی بھی معطل رہی۔ بارش کی شدت سے حبس اور حدت کا خاتمہ ہوا تو گرمی کے مارے شہریوں کے چہرے خوشی سے کھل اٹھے موسم کا حال بتانے والے کہتے ہیں بارش کا یہ سلسلہ یہیں ختم نہیں ہوگا، راولپنڈی اسلام آباد سمیت ملحقہ علاقوں میں مزید بارش بھی متوقع ہے۔