Friday, May 17, 2024

راولپنڈی اُردو بازار میں آتشزدگی، کئی دکانیں جل کر راکھ، ایک عمارت منہدم

راولپنڈی اُردو بازار میں آتشزدگی، کئی دکانیں جل کر راکھ، ایک عمارت منہدم
April 1, 2021

راولپنڈی (92 نیوز) راولپنڈی کے قدیم اُردو بازار میں آتشزدگی، متعدد دکانیں جل کر راکھ بن گئیں، ایک عمارت مکمل طور پر منہدم ہوگئی۔ دو افراد جل کر زخمی ہو گئے۔ پاک فوج، ریسکیو 1122، سی ڈی اے، واسا سمیت دیگر اداروں نے ریسکیو آپریشن میں حصہ لیا۔

عینی شاہدین کے مطابق اُردو بازار میں اسٹیشنری کے دکان میں شارٹ سرکٹ کے باعث آگ لگی، تیز ہوا کے باعث دیکھتے ہی دیکھتے آگ نے اُردو بازار کو اپنی لپیٹ میں لے لیا۔

دکانوں میں موجود سامان، پارکنگ میں کھڑے موٹرسائیکل آگ میں شدت کا باعث بنے، ریسکیو 1122 کی امدادی ٹیمیں موقع پر پہنچیں، تنگ گلیاں اور گنجان آباد بازار کی وجہ سے امدادی کارکنوں کو شدید مشکلات کا سامنا رہا۔

آگ بجھانے کے عمل میں پاک فوج، ریسکیو 1122، بحریہ ٹاؤن، سی ڈی اے، واسا اور دیگر اداروں نے حصہ لیا۔ عینی شاہدین کا کہنا تھا کہ آگ بجلی کی تاروں کے باعث اچانک لگی۔

فاقی وزیرداخلہ شیخ رشید نے جائے وقوعہ کا دورہ کیا اور ڈپٹی کمشنر انوار الحق کو تمام وسائل استعمال کرکے آگ پر قابو پانے کی ہدایت کی۔

وزیراعلیٰ پنجاب نے واقعہ کا نوٹس لیتے ہوئے رپورٹ طلب کرلی ہے۔

ڈپٹی کمشنر انوار الحق کا کہنا تھا بازار میں لکڑی کا استعمال زیادہ ہونے کی وجہ سے آگ پر قابو پانے میں معمولی تاخیر ہوئی۔

ایم ڈی واسا راجہ شوکت کا کہنا تھا کہ آگ لگنے پر ایمرجنسی نافذ کردی ہے اورشہر بھر میں پانی سپلائی کو روک کر 26 واسا واٹر باوئزر کو آگ بجھانے کے عمل میں شامل کردیا ہے۔

متاثرہ تاجروں کا کہنا تھا کہ ان کے کاروبار آج سے ختم ہوچکے ہیں 17 سے 18 دکانیں مکمل جل چکی ہیں، جبکہ ایک عمارت گر چکی ہے۔