Thursday, April 25, 2024

رانی پور:درازا مائینر پر 30فٹ چوڑا شگاف،سینکڑوں ایکڑ پر کھڑی فصلیں تباہ

رانی پور:درازا مائینر پر 30فٹ چوڑا شگاف،سینکڑوں ایکڑ پر کھڑی فصلیں تباہ
May 12, 2015
رانی پور(ویب ڈیسک)رانی پور کے قریب درازا مائینر پر 30فٹ چوڑا شگاف پڑجانے سے سینکڑوں ایکڑ پر کھڑی فصلیں زیر آب آ گئیں جس سے دیہاتیوں کا لاکھوں روپے کا نقصان تفصیلات کے مطابق دیہاتیوں نے محکمہ آبپاشی کے خلاف احتجاج کرتے ہوئے صحافیوں کو بتایا کہ صبح سویرے گاوٗں کے سامنے درازا مائینر میں اچانک شگاف پڑگیا شگاف پڑنے کی بروقت اطلاع انجینئر اور ایس ڈی او ایرگیشن کو دی گئی جس کے باوجود محکمہ آبپاشی کی جانب سے فوری کارروائی نہ کرنے کے سبب دیہاتیوں کو لاکھوں روپے کے نقصان کا سامنا کرنا پڑا ہے ۔ دیہاتیوں کا کہنا تھاکہ شگاف پڑجانے کے سبب سینکڑوں ایکڑ پر کھڑی مختلف فصلیں زیر آب آگئی ہیں جبکہ پانی گھروں میں داخل ہونے سے گھر میں رکھا قیمتی سامان پانی میں بہہ گیا ہے ہم نے اپنی مدد آپ کے تحت شگاف پر قابو پایا ہے جبکہ کئی مرتبہ محکمہ آبپاشی کے افسران کو آگاہ کیا کہ نہروں کے پشتے کمزور ہیں جن کی فوری مرمت نہ کی گئی تو دیہاتیوں کو بڑے نقصان کا سامنا کرنا پڑسکتا ہے ۔ انہوں نے محکمہ آبپاشی کے افسران پر الزام لگاتے ہوئے کہا کہ محکمہ آبپاشی کے افسران ملی بھگت کر کے کروڑوں روپے کا بجٹ ہڑپ کرجاتے ہیں اور پشتوں کی مرمت نہ ہونے کے سبب شگاف پڑجانے سے دیہاتیوں کو کروڑوں روپے کے نقصان کا سامنا کرنا پڑتا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ نہروں میں شگاف پڑنا روز کا معمول بن گیا ہے دیہاتیوں نے وزیر اعلی سندھ اور اعلی حکام سے مطالبہ کیا ہے کہ نا اہل محکمہ آبپاشی کے افسران اور عملے کے خلاف سخت کارروائی کرتے ہوئے دیہاتیوں کو ہونے والے نقصان کا ازالہ کیا جائے۔