Saturday, April 20, 2024

رانا ثنااللہ کا چالان 23 جولائی کو عدالت میں جمع کرا دیا تھا، پراسیکیوٹر راجہ انعام امین

رانا ثنااللہ کا چالان 23 جولائی کو عدالت میں جمع کرا دیا تھا، پراسیکیوٹر راجہ انعام امین
December 25, 2019
 راولپنڈی (92 نیوز) پراسیکیوٹر راجہ انعام امین نے کہا رانا ثنااللہ کا چالان 23 جولائی کو عدالت میں جمع کرا دیا تھا۔ 15 کلو ہیروئن کی برآمدگی اور شہادتیں بھی موجود تھیں۔ چیف پراسیکیوٹر اینٹی نارکوٹکس فورس راجہ انعام امین نے لیگل ٹیم کے ہمراہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا رانا ثنا اللہ کے خلاف پراسیکیوشن کی جانب سے تفتیشی بیان اور پندرہ کلو ہیروئن برآمدگی کے تمام ثبوت عدالت میں جمع کرائے گئے۔ کوئی تاخیری حربے استعمال نہیں کیئے گئے۔ راجہ انعام امین بولے تئیس جولائی کو تمام شہادتوں سمیت چالان عدالت کے روبرو پیش کیا۔ اس کے بعد ملزم پر ذمہ داری ہے کہ وہ جواب دے۔ عدالت سے استدعا کی کہ کیس کو روزانہ کی بنیاد پر سنا جائے، مگر نہیں سنا گیا۔ چیف پراسیکیوٹر کا کہنا تھا پراسیکیوشن ٹیم کی جانب سے جو دستاویزات عدالت کو پیش کی گئی اس میں واقعہ کی ویڈیو بھی موجود ہے۔ منشیات کے مقدمات میں ضمانت کا مطلب جرم سے بری ہونا نہیں۔ قانون کے مطابق جس کی ملکیت میں ہیروئن نکل آئے وہ مجرم ہے۔ چیف پراسیکیوٹر کا کہنا تھا کہ پندرہ کلو ہیروئن اب تک کسی کیس میں نہیں پکڑی گئی، ایک کلو ہیروئن ایک ہزار لوگوں کو مارنے کیلئے کافی ہے۔ عدالت کا تفصیلی فیصلہ آنے کے بعد اپیل کے لیے رجوع کر سکتے ہیں۔