Tuesday, April 23, 2024

رانا ثناء اللہ کے جوڈیشل ریمانڈ میں 14روز کی توسیع کر دی گئی

رانا ثناء اللہ کے جوڈیشل ریمانڈ میں 14روز کی توسیع کر دی گئی
July 16, 2019
لاہور ( 92 نیوز ) منشیات کیس میں گرفتار پاکستان مسلم لیگ ن کے رہنما اور سابق وزیر قانون پنجاب رانا ثناء اللہ کےجوڈیشل ریمانڈ میں 14 روز کی توسیع کر دی گئی ۔ رانا ثنا ء اللہ کو 14روز  کا جوڈیشل ریمانڈ مکمل ہونے پر ضلع کچہری میں پیش کیا گیا تھا جہاں عدالت نے ان کے جوڈیشل ریمانڈ میں 14روز کی توسیع کرتے ہوئے 29 جولائی کو دوبارہ پیش کرنے کا حکم دیدیا۔ عدالت کی جانب سے تفتیشی افسر کو  کیس کا چالان جلد پیش کرنے کی ہدایت بھی کی گئی ۔ اینٹی نارکوٹکس فورس نے مخبر کی اطلاع پر راوی ٹول پلازہ کے قریب صدر ن لیگ پنجاب کی گاڑی کو روکا ،ہیروئن برآمدہونے پر حراست میں لے لیا۔ رانا ثناء اللہ کے خلاف درج مقدمے کے مطابق اے این ایف کومخبرنے اطلاع دی کہ رانا ثنااللہ منشیات لاہور اسمگل کررہے ہیں،راوی ٹول پلازہ کے قریب رکن قومی اسمبلی کو روک کر پوچھ گچھ کی گئی،سوٹ کیس کے اندر ہیروئن کی نشاندہی کی گئی۔ ایف آئی آرکے مطابق رانا ثنا اللہ کے اسکواڈ نے اے این ایف اہلکاروں کے ساتھ ہاتھا پائی کی،زبردستی چھڑوا کر لے جانے کی کوشش کی،حکمت عملی کے ذریعے تمام افرادکو غیرمسلح کرکے سابق صوبائی وزیرکو گرفتارکیا گیا ۔ ذرائع کے مطابق رانا ثنا اللہ کی گرفتاری میں مخالف دھڑے کے ن لیگی رہنماؤں نے اہم کرداراداکیا ،  مخالف پارٹی گروپ نے رکن اسمبلی کی گرفتاری کےلیے اینٹی نارکوٹکس فورس کو اہم معلومات فراہم کیں، اسی گروہ کے منشیات کیس میں گرفتار چار افراد کے انکشافات پر رانا ثنااللہ کو حراست میں لیا گیا۔ رانا ثنا اللہ کی گرفتاری کے بعد پولیس کا فیصل آباد میں ان  کے ڈیرےپر چھاپہ مارا گیا جہاں سے  متعدد افراد کو حراست میں لے لیا گیا۔ رانا ثناء اللہ  پر کالعدم تنظیموں سےرابطوں کےالزامات بھی ہیں جب کہ ان پر کالعدم تنظیموں کی مالی معاونت کےالزامات بھی  ہیں ۔ رانا ثناء اللہ کا نام سانحہ ماڈل ٹاؤن کے ملزموں میں مرکزی کردار کے طور پر لیا جاتا رہا ہے ۔