Saturday, May 11, 2024

رانا ثناء اللہ کو جیل سے رہا کر دیا گیا

رانا ثناء اللہ کو جیل سے رہا کر دیا گیا
December 26, 2019
لاہور (92 نیوز) مسلم لیگ ن کے رہنماء رانا ثناء اللہ کوجیل سے رہا کردیا گیا، فیصل آباد پہنچ گئے۔ ن لیگی رہنماء کے 10،10 لاکھ روپے کے دو ضمانتی مچلکے لاہور ہائیکورٹ آفس میں جمع کرا ئے گئے۔ سابق میئر فیصل آباد رزاق ملک نے ضمانتی مچلکے جمع کرائے۔ اس سے قبل ٹرائل ججزکے رخصت پرہونے کی وجہ سے جسٹس چودھری مشتاق احمد نے متفرق درخواست پر سماعت کی۔درخواست گزار نے موقف اختیارکیا کہ لاہور ہائیکورٹ نے ضمانت منظور کر کے رہائی کا حکم دیا تھا جس پرعدالت نے 10،10 لاکھ کے دو مچلکے انسداد منشیات کی خصوصی عدالت میں جمع کروانے کا حکم دیاتھا انسداد منشیات کی خصوصی عدالت کے جج موسم سرما کی تعطیلات پرہیں۔ درخواست میں موقف اختیارکیا گیا کہ جج کی عدم دستیابی کے باعث ٹرائل کورٹ میں ضمانتی مچلکے جمع نہیں کروائے جا سکتے۔ رانا ثناء اللہ کی درخواست پر عدالت نے انہیں ضمانتی مچلکے لاہور ہائیکورٹ آفس میں جمع کرانے کاحکم دیا جس پر ضمانتی مچلکے جمع کر ادیے گئے تھے۔