Friday, April 19, 2024

رانا ثناء اللہ نے خود بریف کیس کھولا جس سے 15 کلو ہیروئن برآمد ہوئی ، ایف آئی ار کا متن

رانا ثناء اللہ نے خود بریف کیس کھولا جس سے 15 کلو ہیروئن برآمد ہوئی ، ایف آئی ار کا متن
July 2, 2019
 لاہور (92 نیوز) چھاپے کے دوران رانا ثناءاللہ نے منشیات کی نشاندہی خود کی۔ ایف آئی ار کے متن میں کہا گیا ہے کہ رانا ثناءاللہ نے خود بریف کیس کھولا جس سے 15 کلو ہیروئن برآمد ہوئی۔ رانا ثنا اللہ کے خلاف اینٹی نار کورٹکس کی ایف آئی آر کے مندرجات سامنے آچکے ہیں۔ اینٹی نارکوٹکس فورس نے رانا ثنااللہ کےخلاف  نائن سی، پندرہ، سترہ، سی این ایس اے انیس سوستانوے، ایک سوچھیاسی، ایک سونواسی، دوسوپچیس، تین سوتریپن، پی پی سی کے تحت مقدمہ درج کیا ہے۔ ایف آئی آر کے مطابق رانا ثناء اللہ کے 15 کلوگرام منشیات لاہور اسمگل کرنے کی اطلاع بذریعہ مخبر موصول ہوئی۔ راوی ٹول پلازہ کے قریب نفری نے گاڑیوں کو مناسب حکمت عملی سے نگرانی شروع کی۔ تین بج کر پچیس منٹ پر ن لیگ رہنما کی گاڑی راوی ٹول پلازہ سے آتی دکھائی دی، دو گاڑیوں میں تین تین افراد موجود تھے۔ رانا ثناء اللہ سے منشیات کے حوالے سے پوچھ گچھ کی گئی۔ ایف آئی آر میں لکھا گیا ہے کہ گواہان کے روبرو رانا ثنااللہ سے پوچھنے پر انہوں نے اپنی سیٹ کے پیچھے پر نیلے رنگ کے سوٹ کیس میں ہیروئن کی موجودگی کو تسلیم کرتے ہوئے سوٹ کیس کی زپ کھول کر سوٹ کیس کے اندر پلاسٹک شیٹ کو ہٹا کر شاپر میں ہیروئن کی نشاندہی خود کی ۔ اس اثنا میں رانا ثنااللہ کے گارڈز نے اے این ایف اہلکاروں کے ساتھ ہاتھا پائی شروع کر دی اور بزور اسلحہ رانا ثنا کو بھگانے کی کوشش کی۔ قانون کی دفعہ 9 سی کے تحت منشیات 1 کلوگرام سے زیادہ ہو تو ضمانت نہیں ہوسکتی۔ اس دفعہ کے تحت کم سے کم سزا عمر قید، زیادہ سے زیادہ سزائے موت ہے۔ دفعہ 15 منشیات کی اسمگلنگ میں معاونت کے جرم پر عائد کی جاتی ہے۔ دفعہ 17 کارسرکا میں مداخلت ہے جس کے تحت 3سال قید کی سزا ہے۔ پی پی سی کی دفعہ 189 سرکاری ملازم کو زخمی کرنے کی دھمکی پرعائد کی جاتی ہے۔ دفعہ 225سرکاری اہلکاروں کے سامنے مزاحمت پرعائد کی جاتی ہے۔پی پی سی 353اہلکاروں کے فرائض کی انجام دہی میں خلل ڈالنے پرلگائی جاتی ہے۔