Friday, April 19, 2024

رانا ثناء اللہ کیخلاف بھولا گجر کیس دوبارہ کھولنے کا فیصلہ

رانا ثناء اللہ کیخلاف بھولا گجر کیس دوبارہ کھولنے کا فیصلہ
July 2, 2019
لاہور ( 92 نیوز) مسلم لیگ ن پنجاب کے صدر رانا ثناء اللہ کی منشیات کیس میں گرفتاری کے بعد پولیس نے کچا چٹھا کھولنے کا بھی فیصلہ کرلیا ہے، اعلیٰ حکام نے ضلعی پولیس سے لیگی رہنما اصغر علی عرف بھولا گجر کیس کی تفصیلات طلب کر لی ہیں جبکہ ایس پی عہدے کے آفیسر بھولا گجر کیس کی فائل لیکر لاہور پہنچ گئے ہیں۔ لیگی رہنما رانا ثناء اللہ کی منشیات کیس میں گرفتاری کے بعد مشکلات میں اضافہ ہونے لگا، پولیس کے اعلیٰ حکام نے لیگی رہنما اصغرعلی عرف بھولا گجر قتل کیس کی ازسر نو تفتیش کا فیصلہ کرلیا اور اس مد میں ضلعی پولیس سے اصغر علی عرف بھولا گجر کیس کی تفصیلات  بھی طلب کر لی گئی ہیں۔ ذرائع کے مطابق ایس پی عہدے کے ایک آفیسر بھولا گجر کیس کی فائل لیکر لاہور پہنچ گئے ہیں جبکہ مبینہ طور پر رانا ثناء اللہ کی ایما پر قتل کرنے والے بیرون ملک مقیم سابق ایس ایچ او فرخ وحید کو بھی پاکستان لائے جانے کا امکان ہے۔ واضح رہے کہ لیگی رہنما اصغر علی عرف بھولا گجر کو تین سال قبل قتل کردیا گیا تھا جس کا الزام بھی اس وقت کے وزیر قانون پنجاب رانا ثناء اللہ کے سر ہے۔ ذرائع کا یہ بھی کہنا ہے کہ معاملے سے متعلق رانا ثناء اللہ سے تعلق رکھنے والے پولیس افسران سے بھی تفتیش کی جائے گی۔