Thursday, March 28, 2024

رانا ثنا پر قاتلانہ حملے کا الزام‘ وزیراعلیٰ پنجاب کا ایم پی اے طاہر جمیل سے رابطہ

رانا ثنا پر قاتلانہ حملے کا الزام‘ وزیراعلیٰ پنجاب کا ایم پی اے طاہر جمیل سے رابطہ
October 18, 2016
لاہور (92نیوز) وزیر قانون پنجاب راناثناءاللہ پر قاتلانہ حملے کا الزام لگانے والے لیگی ایم پی اے میاں طاہر جمیل سے وزیراعلیٰ پنجاب کے معاونین نے رابطہ کر لیا۔ نائنٹی ٹو نیوز نے حملہ آوروں کی تصاویر حاصل کر لیں۔ تفصیلات کے مطابق گزشتہ روز پنجاب اسمبلی کے اجلاس کے دوران وزیر قانون پنجاب رانا ثناءاللہ پر قاتلانہ حملے کا الزام لگانے والے لیگی ایم پی اے میاں طاہر جمیل کے ساتھ وزیراعلیٰ پنجاب کے سٹاف نے رابطہ کیا اور اسمبلی کے فلور پر لگائے گئے الزامات کی تفصیلات طلب کر لیں۔ میاں طاہر جمیل کی جانب سے تمام تفصیلات سے آگاہ کیا گیا۔ لیگی ایم پی اے نے وزیراعلیٰ پنجاب کے ساتھ ملاقات کے لیے وقت مانگتے ہوئے کہا کہ وہ مزید تفصیلات سے شہبازشریف کو خود آگاہ کریں گے۔ نائنٹی ٹو نیوز سے گفتگو کرتے ہوئے میاں طاہر جمیل کا کہنا تھا کہ الزامات من گھڑت نہیں۔ انہوں نے ایف آئی آر درج کروائی ہے مگر بااثر ملزمان کو نہیں پکڑا جا رہا ہے۔ دوسری جانب نائنٹی ٹو نیوز نے لیگی ایم پی اے کی گاڑی روکنے والے حملہ آواروں کی تصاویر حاصل کر لی ہیں جس میں وہ گاڑی کا تعاقب کرتے نظر آ رہے ہیں جبکہ اس واردات میں ایک گاڑی بھی استعمال ہوئی تھی۔