Wednesday, April 24, 2024

رانا ثنا اللہ کیخلاف کیس میں اے این ایف نے ثبوت تب دینا ہیں، جب ٹرائل شروع ہو گا، فردوس

رانا ثنا اللہ کیخلاف کیس میں اے این ایف نے ثبوت تب دینا ہیں، جب ٹرائل شروع ہو گا، فردوس
December 24, 2019
 اسلام آباد (92 نیوز) معاون خصوصی برائے اطلاعات فردوس عاشق نے کہا رانا ثنا اللہ کے خلاف کیس میں اے این ایف نے ثبوت تب دینا ہیں، جب ٹرائل شروع ہو گا۔ پریس کانفرنس میں 92 نیوز کے سوال پر فردوس عاشق نے کہا رانا ثنا کے وکلا نے عدالتی کارروائی کا بائیکاٹ کیا۔ وہ چاہتے ہیں ٹرائل شروع نہ ہو۔ کیس کی سماعت 4 جنوری کو ہو گی۔ رانا ثنا کیس میں متعلقہ وزیر حقائق سامنے لائیں گے۔ راجہ بشارت نے کہا یہ تاثر غلط ہے کہ رانا ثنا کو عدم ثبوت پر رہا کیا گیا۔ ادھر پندرہ کلو گرام ہیروئن برآمدگی کیس میں گرفتار رانا ثنا اللہ کی ضمانت منظور ہو گئی۔ لاہور ہائیکورٹ نے دس دس لاکھ روپے کے دو مچلکوں کے عوض رہا کرنے کا حکم دیا۔ جسٹس چودھری مشتاق احمد نے فیصلہ سنایا۔ عدالت نے وکلاء کے دلائل مکمل ہونے پر فیصلہ محفوظ کیا تھا۔ وکیل نے مؤقف اختیار کیا تھا کہ رانا ثنا اللہ ایک سیاسی لیڈر اور ایم این اے ہیں، انہیں حکومت پر تنقید کی وجہ سے انتقام کا نشانہ بنایا گیا۔ رانا ثنا اللہ کو خاموش کروانے کے لیے جھوٹا مقدمہ بنایا گیا، رانا ثنا اللہ نے گرفتاری سے پہلے خدشات کا اظہار کیا تھا۔ اے این ایف  کے وکیل نے مؤقف اختیار کیا تھا کہ ساری کارروائی قانون کے کے دائرے میں رہ کر کی گئی، تمام شواہد بھی اکٹھے کئے گئے۔ عدالت رانا ثنا اللہ کی درخواست ضمانت مسترد کرے۔ فیصلہ آنے کے بعد رانا ثنااللہ کے داماد رانا شہریار نے سجدہ شکر ادا کیا۔ رانا ثنااللہ کی رہائی کے فیصلے پر مسلم لیگ ن کے کارکنوں نے کمرہ عدالت کے باہر نعرہ بازی کی۔