Friday, March 29, 2024

رانا ثنا اللہ کے جوڈیشل ریمانڈ میں 4 جنوری تک توسیع

رانا ثنا اللہ کے جوڈیشل ریمانڈ میں 4 جنوری تک توسیع
December 21, 2019
لاہور (92 نیوز) انسداد منشیات عدالت نے رانا ثنا اللہ کے جوڈیشل ریمانڈ میں 4 جنوری تک توسیع کردی۔ عدالت نے حکومتی وزراء کی بیان کردہ ویڈیو کی فراہمی کے لئے رانا ثنا اللہ کی درخواست پر محکمہ انسداد منشیات سے جواب طلب کرلیا۔ لاہور کی انسداد منشیات کی خصوصی عدالت کے جج شاکرحسن نے رانا ثنااللہ کے خلاف کیس کی سماعت کی۔ جیل حکام نے رانا ثنا اللہ کو سخت سکیورٹی میں عدالت میں پیش کیا۔ رانا ثنااللہ کے وکیل نے کہا کہ وفاقی وزیر شہریار آفریدی نے رانا ثنا اللہ سے منشیات برآمدگی کا دعوی کیا، انہوں نے منشیات برآمدگی کی ویڈیو کی موجودگی کابھی دعوی کیا، اس ویڈیو کوعدالتی ریکارڈ پر طلب کیا جائے، جس پر عدالت نے محکمہ انسداد منشیات سے جواب طلب کرلیا۔ پیشی سے قبل پولیس اہلکاروں اور ن لیگی کارکنوں میں شدید تلخ کلامی بھی ہوئی جبکہ رانا ثنااللہ کی اہلیہ اور داماد کارکنوں کے ساتھ مل کر پولیس کے خلاف نعرے بازی کرتے رہے۔