Thursday, April 25, 2024

رانا ثنا اللہ کیخلاف کارروائی بجٹ سے توجہ ہٹانے کے لیے ہے، شہباز شریف

رانا ثنا اللہ کیخلاف کارروائی بجٹ سے توجہ ہٹانے کے لیے ہے، شہباز شریف
July 2, 2019
 لاہور (92 نیوز) اپوزیشن لیڈر شہباز شریف نے کہا رانا ثنا اللہ پر جھوٹا الزام لگایا گیا۔ ان کیخلاف کارروائی بجٹ سے توجہ ہٹانے کے لیے ہے۔ ن لیگ کے پارلیمانی ایڈوائزری گروپ کے اجلاس کے بعد میڈیا سے گفتگو میں  شہباز شریف نے کہا یہ ہتھکنڈے ہم نے پہلے بھی دیکھے ہیں۔ ملک میں ہڑتالیں ہورہی ہیں، عوام کیلئے دو وقت کی روٹی مشکل ہو گئی ہے اور انکی توجہ کا محور سیاستدانوں کیخلاف کارروائیاں ہیں۔ اپوزیشن لیڈر شہباز شریف کا کہنا تھا منفی ہتھکنڈوں سے عمران خان غربت ختم کر سکتے ہیں تو ہم سب جیل جانے کو تیار ہیں۔ عمران خان مجبور کرتے ہیں کہ ان کی بات کا جواب دیں۔ شہباز شریف بولے پاکستان کی تاریخ میں اس سے زیادہ جھوٹا وزیراعظم نہیں دیکھا۔ چور اور ڈاکوؤں کا رواج انہوں نے ڈالا۔ یہ سیاست میں زہر گھول رہے ہیں۔ تاریخ کا سب سے جھوٹا وزیراعظم اقتدار میں ہے۔ اپوزیشن لیڈر شہباز شریف کا کہنا تھا وزیراعظم کی بہن نے پیسہ باہر بھیجا اور محلات بنائے۔ عمران خان پہلے اپنے گریبان میں جھانکیں، ان کا اوپر چیمبرخالی ہے۔ اپوزیشن لیڈر نے کہا رہبر کمیٹی کے لیے دو شیر جوان نامزد کر دیئے ہیں۔ رہبرکمیٹی کی پہلی میٹنگ میں شاہد خاقان جیسا قدآور اور احسن اقبال جیسا دانشور ہماری نمائندگی کر رہے ہیں۔ جب سڑکوں پر آنےکاوقت آئے گا تو پیچھے نہیں ہٹیں گے۔ شہباز شریف نے مزید کہا میثاق معیشت یا میثاق جمہوریت 22 کروڑ عوام کےلیے ہے ۔ عوام سے ہاتھ جوڑ کر گزارش ہے کہ عمران خان نے 11 ماہ میں معیشت کا ستیا ناس کر دیا ہے۔ عمران خان عوام پر عذاب بن چکا ہے۔ عمران خان آئندہ چند ماہ میں ملک کا کچھ نہیں چھوڑیں گے۔