Thursday, April 25, 2024

رانا ثنا اللہ کا جسمانی ریمانڈ ہی نہیں لیا گیا، ملزم ضمانت کا حقدار ہے ، لاہور ہائیکورٹ

رانا ثنا اللہ کا جسمانی ریمانڈ ہی نہیں لیا گیا، ملزم ضمانت کا حقدار ہے ، لاہور ہائیکورٹ
December 26, 2019
لاہور (92 نیوز) لاہور ہائیکورٹ نے رانا ثنا اللہ کی ضمانت کا تحریری فیصلہ جاری کرتے ہوئے کہا رانا ثنا اللہ پر 15 کلو گرام ہیروئن کا مقدمہ بنایا گیا لیکن جسمانی ریمانڈ ہی نہیں لیا گیا ، اس مرحلہ پر ملزم ضمانت کا حقدار ہے۔ لاہور ہائیکورٹ کے جج  جسٹس چودھری مشتاق احمد نے رانا ثنااللہ کی رہائی کا 9 صفحات پر مشتمل تحریری فیصلہ جاری کر دیا۔ تحریری فیصلے کے مطابق رانا ثنا اللہ کے شریک ملزم کی ٹرائل کورٹ ضمانت ہو چکی ہے، استغاثہ نے شریک ملزموں کی ضمانت منظوری کو ہائیکورٹ میں چیلنج نہیں کیا۔ فیصلے کے مطابق رانا ثنا اللہ پر 15 کلو ہیروئن رکھنے کا مقدمہ بنایا گیا لیکن ان کا جسمانی ریمانڈ ہی نہیں لیا گیا۔ تحریری فیصلے  میں کہا گیا ہے کہ  وکیل صفائی کے مطابق ملزم کا تعلق اپوزیشن سے اور وہ حکومت کا ناقد رہا ہے۔ اس مرحلہ پر ملزم ضمانت کا حق دار ہے۔ وفاقی حکومت نے رانا ثنااللہ کی ضمانت پر رہائی کے فیصلے پر سوالات اٹھا دیئے ۔ اسلام آباد میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے معاون خصوصی فردوس عاشق اعوان نے کہا اے این ایف لاہور ہائی کورٹ کے فیصلے کےخلاف سپریم کورٹ میں نظر ثانی اپیل دائر کرے گی۔ اینٹی نارکوٹکس فورس جلد رانا ثنااللہ کی رہائی کے فیصلے کےخلاف سپریم کورٹ میں اپیل دائر کرے گی۔ اے این ایف کے مطابق لاہور ہائی کورٹ کے فیصلے میں چار واضح سقم موجود ہیں۔ رانا ثناء اللہ کی ضمانت سپریم کورٹ کے فیصلے کے منافی ہے۔ رانا ثناء اللہ کی ضمانت نارکورٹکس ایکٹ سیکشن 29 اور 51 کے منافی ہے۔ اے این ایف کا دعویٰ ہے کہ رانا ثناء اللہ کے خلاف منشیات کے  ٹھوس قانونی شواہد موجود ہیں۔ اے این ایف حکام نے رانا ثناء اللہ اور فیملی سے متعلق 75 جائیدادوں کی تفصیلات بھی کیس کا حصہ بنا دیں۔ اِن مختلف بے نامی جائیدادوں کی مالیت ایک ارب 32 کروڑ روپے سے زائد ہے۔ اے این ایف حکام کے مطابق رانا ثناء اللہ اور ان کی فیملی کے اثاثوں میں 2013 کے بعد 285 فیصد تک اضافہ ہوا۔ اے این ایف نے دعویٰ کیا ہے کہ رانا ثنا اللہ کی گرفتاری سے پہلے تین ماہ تک اُن کی سرویلنس کی گئی۔ سرویلنس کی ویڈیو موجود ہے لیکن یہ ویڈیو کسی عدالتی فورم پر شہادت کے لیے پیش نہیں کی جائے گی۔