Tuesday, April 16, 2024

راشد منہاس شہید کی 48 ویں برسی آج منائی جارہی ہے

راشد منہاس شہید کی 48 ویں برسی آج منائی جارہی ہے
August 20, 2019
کراچی (92 نیوز) پاک فضائیہ کے جانباز پائلٹ آفیسر راشد منہاس شہید کی 48 ویں برسی آج منائی جارہی ہے۔ راشد منہاس نے صرف 20 سال کی عمر میں وطن عزیز کی خاطر جان قربان کر کے دشمن کو منہ توڑ جواب دیا تھا ۔ راشد منہاس 17 فروی 1951 کو کراچی میں پیدا ہوئے ۔ بچپن سے ہی ہواؤں میں اڑنے کا شوق تھا ۔ اسی لئے صرف 17 سال کی عمر میں رسالپور اکیڈمی میں بطور فلائنگ کیڈٹ داخلہ لیا ۔ 1971 میں راشد منہاس نے جنرل ڈیوٹی پائلٹ کی حیثیت سے گریجویٹ کیا اور انہیں کراچی میں پی اے ایف بیس مسرور پر پوسٹ کیا گیا ۔ 20 اگست 1971 میں راشد مہناس کی کراچی سے تیسری تنہا پرواز تھی اور ٹرینر جیٹ میں سوار ہوتے ہی انسٹرکٹر فلائٹ لیفٹیننٹ مطیع الرحمان بھی اُن کے ساتھ سوار ہو گیا اور راشد منہاس کے سر پر ضَرب لگائی، اور طیارے کا رخ دشمن بھارت کی جانب موڑ دیا ۔ راشد منہاس نے ہوش سنبھالتے ہی مزاحمت کی اور دشمن کی سرحد سے  صرف 32 میل کے فاصلے پر جہاز کا رخ زمین کی جانب موڑ دیا ۔ پاکستان کے بہادر بیٹے نے جنگی قیدی بننے کے بجائے وطن کی خاطر جان قربان کر دی ۔راشد مہناس نے شہادت کا رتبہ پایا اور اس عظیم قربانی پر اُنہیں نشان حیدر دیا گیا ۔