Thursday, April 25, 2024

راحیل شریف کو دہشت گردی کے خلاف 39 مسلم ممالک کے اتحاد کا سربراہ مقرر کر دیا گیا

راحیل شریف کو دہشت گردی کے خلاف 39 مسلم ممالک کے اتحاد کا سربراہ مقرر کر دیا گیا
January 6, 2017

 ریاض(ویب ڈیسک)پاک فوج  کے سابق سربراہ جنرل  ریٹائرڈ راحیل شریف کو دہشت گردی کے خلاف 39 مسلم ممالک کے اتحاد کا سربراہ مقرر کر دیا گیا ۔ برطانوی نشریاتی ادارے نے دعویٰ کیا ہے کہ جنرل راحیل شریف کی تعیناتی حکومتی منشا اور جی ایچ کیو کی کلیئرنس کے بعد ہوئی ہے 39رکنی اتحاد کا ہیڈ کوارٹر سعودی عرب میں ہے ۔

تفصیلات کےمطابق جنرل ریٹائرڈ راحیل شریف عمرے کی ادائیگی کیلئے سعودی عرب پہنچے تو ان افواہوں نے زور پکڑا کہ انہیں سعودی عرب کی قیادت میں  دہشتگردی کے خلاف  مسلم ممالک کے اتحاد کا سربراہ بنایا جارہا ہے تاہم اس حوالے سے کوئی مصدقہ خبر سامنے نہیں آرہی تھی ایسے میں بی بی سی نے اپنی ایک رپورٹ میں وزیر دفاع خواجہ محمدآصف کے حوالےسے دعویٰ کیا ہے کہ انہوں نے جنرل راحیل شریف  کو اسلامی ممالک کے اتحاد کا سربراہ بنائے جانے کی تصدیق کی ہے ۔ خواجہ آصف کا کہنا تھا کہ   راحیل شریف کی تعیناتی حکومتی منشا اور جی ایچ کیو کی کلیئرنس کے بعد ہوئی ہے  تاہم اس حوالے سے مزید تفصیلات ان کے علم میں نہیں ہیں۔ خواجہ آصف کا کہنا تھا کہ اس حوالے سے باقاعدہ  معاہدہ چند دن پہلے طے پایا تھا ۔  دسمبر 2015 میں دہشت گردی سے نمٹنے کے لیے پاکستان سمیت 30سے زائد اسلامی ممالک نے سعودی عرب کی قیادت میں  فوجی اتحاد تشکیل دینے کا اعلان کیا گیا تھا۔اس اتحاد میں ابتدائی طور پر 34 ممالک تھے تاہم بعدازاں ان کی تعداد 39 ہوگئی۔اسلامی ممالک کے فوجی اتحاد میں مصر، قطر اور عرب امارات جیسے کئی عرب ممالک کے ساتھ ساتھ ترکی، ملائشیا، پاکستان اور افریقی ممالک شامل ہیں۔