Saturday, April 27, 2024

راحیل شریف نے این او سی کیلئے وزارت دفاع سے کوئی رابطہ نہیں کیا :وزیردفاع

راحیل شریف نے این او سی کیلئے وزارت دفاع سے کوئی رابطہ نہیں کیا :وزیردفاع
January 11, 2017
اسلام آباد(92نیوز)جنرل (ر) راحیل شریف کی طرف سے اسلامی ممالک کی فوج کی کمان سنبھالنے کامعاملہ سینیٹ میں زیر بحث رہا وزیر دفاع  خواجہ آصف کہتے ہیں کہ جنرل راحیل شریف نے این اوسی کیلئے وزارتِ دفاع سے کوئی رابطہ نہیں کیا وہ صرف عمرہ کی ادائیگی کے لئے گئے تھے۔ تفصیلات کےمطابق سینیٹ کے اجلاس  میں جنرل راحیل شریف کی طرف سے اسلامی ممالک کی فوج  کا مبینہ سربراہ بننے پر وزیردفاع خواجہ آصف نے پالیسی بیان میں کہا ہے کہ قاانون ریٹائرڈ فوجی افسر کو قانون کے تحت ملازمت کیلئے وزارت دفاع سے این اوسی کی ضرورت ہوتی ہے ۔جنرل راحیل شریف نے این اوسی کیلئے وزارتِ دفاع سے کوئی رابطہ نہیں کیا۔ چیئرمین سینیٹ  رضا ربانی نے استفسار کیا کہ کیا جنرل راحیل نے اپنے متعلقہ محکمے جی ایچ کیو سے اجازت لی ؟ جس پر خواجہ آصف نے کہا کہ جنرل راحیل نے جی ایچ کیو سے اجازت نہیں مانگی وہ عمرے کی ادائیگی کیلئے گئے تھے ۔وہ عمرے کی ادائیگی کے بعد وطن واپس پہنچ گئے ہیں ، وطن واپسی کے بعد انہوں نے وزارت دفاع یا جی ایچ کیو سے کوئی رابطہ نہیں کیا ۔انہوں نے کسی ادارے کو آگاہ نہیں کیا کہ ان کو سعودی عرب میں ملازمت کی ہیشکش ہوئی ہے۔ مشیر خارجہ سرتاج عزیز نے کہا کہ جنرل راحیل کی اسلامی ممالک کی سربراہی کے حوالے کوئی صورتحال واضح نہیں اس بارے میں وہ کوئی بیان نہیں دے رہے ۔